دفتر حج کمیٹی آج کو کھلا رہے گا

فارم جمع کروانے کی سہولت ، پروفیسر ایس اے شکور
حیدرآباد ۔ 28 ۔ فروری : ( پریس نوٹ) : حج 2015 کے خواہش مند امیدواروں کو حج درخواست فارم داخل کرنے کی سہولت فراہم کرنے کی غرض سے دفتر حج کمیٹی اتوار یکم مارچ کو کام کرے گا ۔ پروفیسر ایس اے شکور اسپیشل آفیسر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی نے بتایا کہ جو درخواست گذار بینک میں درخواست فیس جمع کرواچکے ہیں اور جنہوں نے میڈیکل سرٹیفیکٹ بنوالیا ہے وہ اتوار کے دن اپنے فارم دفتر حج کمیٹی میں داخل کرواسکتے ہیں ۔ جن لوگوں نے بینک میں 300 روپئے فی کس کے حساب سے رقم جمع نہیں کروائی ہے وہ پیر کے دن اولین ساعتوں میں یہ رقم اسٹیٹ بینک آف انڈیا کے علاوہ یونین بینک آف انڈیا کی کسی بھی برانچ میں یا حج ہاوز میں قائم کردہ یونین بینک آف انڈیا کے کاونٹر پر جمع کروادیں تاکہ وہ سہولت کے ساتھ فارم داخل کرسکیں ۔ حج کی درخواستیں داخل کرنے کی آخری تاریخ 2 مارچ 2015 ہے ۔ پرنٹیڈ درخواست فارموں کے علاوہ آن لائن درخواستیں داخل کرنے اور آن لائن ادائیگی کرنے کی سہولت بھی حاصل ہے ۔ آن لائن داخل کردہ حج درخواست فارم کے دو پرنٹ آوٹ لے کر ، اس پر فوٹو ، دستخطیں ، پاسپورٹ اور دیگر ضروری دستاویزات کی دو نقولات اور ڈاکٹر کے صداقت نامہ کے ساتھ دفتر حج کمیٹی میں داخل کرنا ہوگا ۔ جس کی تصدیق کے بعد درخواست گزاروں کو کور نمبر الاٹ کیا جائے گا ۔ درخواست فارم حج کمیٹی کی ویب سائٹ hajcommittee.com سے ڈاؤن لوڈ کئے جاسکتے ہیں ۔۔