دفتر تحصیلدار آصف نگر پر مانگوڑ بستی کے لوگوں کا حملہ

حیدرآباد 16 مارچ (سیاست نیوز) دفتر تحصیلدار آصف نگر میں آج اُس وقت ہلکی سی کشیدگی پیدا ہوگئی جب مانگوڑ بستی سے تعلق رکھنے والے بعض افراد نے سرٹیفکٹ کی اجرائی میں تاخیر پر عہدیداروں پر اچانک حملہ کردیا۔ تفصیلات کے بموجب مانگوڑ بستی کے ساکن لکھن نے اپنی بہن مینا کے ایک سرٹیفکٹ کے حصول کے لئے دفتر تحصیلدار آصف نگر پہونچا تھا اور سرٹیفکٹ جاری کرنے پر اصرار کیا۔ عہدیداروں کی جانب سے اُسے اطمینان بخش جواب نہ ملنے پر اُس نے مانگوڑ بستی کے ایک مقامی لیڈر نرین کو اطلاع دی جس پر اُس نے 15 افراد پر مشتمل ایک گروپ کے ہمراہ دفتر تحصیلدار پہونچ گیا اور اچانک عہدیداروں اور ملازمین پر حملہ کردیا۔ تقریباً نصف گھنٹے تک مانگوڑ بستی کے گروپ نے ہنگامہ آرائی کی۔ جس کے بعد ہمایوں نگر پولیس کی ٹیم نے وہاں پہونچ کر گڑبڑ کرنے والے افراد کو حراست میں لے لیا۔ جبکہ بعض وہاں سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ اسسٹنٹ کمشنر پولیس آصف نگر مسٹر کے اشوک چکرورتی نے بتایا کہ آصف نگر تحصیلدار مسٹر سرینواس ریڈی کی جانب سے تحریری شکایت موصول ہونے پر ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے اور دفتر پر حملے میں ملوث 7 افراد کو گرفتار کیا جاچکا ہے جبکہ دیگر کی تلاش جاری ہے۔حبیب نگر ، آصف نگر کے اطراف و اکناف کے لاقوں میں مونگوڑ طبقے کے افراد کی غیر قانونی سرگرمیاں بڑجانے کے واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں ۔