دفاعی چمپیئن جرمنی کو میکسیکو کیخلاف حیران کن شکست

ماسکو۔18 جون (سیاست ڈاٹ کام)دفاعی چمپیئن جرمنی کو فٹ بال ورلڈ کپ 2018 کے افتتاحی میچ میں میکسیکو کے خلاف 0۔1 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ پہلے میچ میں سربیا نے کوسٹاریکا کو شکست دے کر قیمتی 3 نشانات حاصل کرلیے۔روس میں کھیلے جارہے عالمی کپ کے گروپ ای کے پہلے میچ میں ورلڈکپ 2014 کے لیے کوالیفائی کرنے میں ناکام رہنے والی سربیاکی ٹیم نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کھیل کے اختتام تک اپنی برتری کو برقرار رکھا۔سربیا کی جانب سے الیگزینڈر کولاروف نے 56 ویں منٹ میں فری کک کے ذریعے خوبصورت گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلادی جو فیصلہ کن ثابت ہوئی۔ریئل میڈرڈ کی جانب سے کھیلنے والے کوسٹاریکا کے گول کیپر کیلور نیواس کو مانچسٹرسٹی کے سابق کھلاڑی نے مکمل طور پر ناکام کرتے ہوئے رواں ٹورنامنٹ میں ٹیم کو پہلی کامیابی دلا دی۔سربیا اور کوسٹاریکا ایک مشکل گروپ ای میں شامل ہیں جہاں برازیل اور سوئٹزرلینڈ جیسی ٹیمیں شامل ہیں۔دوسرے میچ میں دفاعی چمپیئن جرمنی کو میکسیکو نے 1-0 گول سے شکست دے دی جس سے جرمنی نے ورلڈ کپ کا آغاز مایوس کن انداز میں کیا۔میکسیکو کے لوزانو نے میچ کے پہلے ہاف کے 35 ویں منٹ میں بہترین گول کیا جس کو دفاعی چمپیئن کے کھلاڑی کھیل کے اختتام تک برابر نہ کرسکے۔جرمنی کے ٹونی کروزکو بھی فری کک کے ذریعے گول کرنے کا موقع ملا تھا تاہم میکسیکو کے گول کیپر نے ان کی کوشش کو ناکام بنا دیا جبکہ دفاعی چمپیئن ٹیم نے میچ کے آخری لمحات میں تیز کھیل کا مظاہرہ کیا لیکن کامیابی حاصل نہ کرسکی۔تیسرے میچ میں گروپ ای کی ٹیمیں سابق عالمی چمپیئن برازیل اور سوئٹزرلینڈ کے درمیان میچ 1-1 گول سے برابر رہا۔اسٹار فٹبالر لیونل میسی کی ورلڈ کپ میں بھیانک غلطی کے سبب ارجنٹیناکی ٹیم پہلی کامیابی سے محروم ہو گئی اور آئس لینڈ کیخلاف میچ 1۔1 گول سے برابر رہا جبکہ فرانس نے آسٹریلیا کو 2-1 سے شکست دی۔روس کے شہر کازان میں 1998 کی ورلڈ کپ چیمپیئن فرانس اور آسٹریلیا کی ٹیمیں مدمقابل آئیں جہاں توقعات کے برعکس دونوں ٹیموں کے درمیان دلچسپ مقابلہ دیکھنے کو ملا۔ورلڈ کپ کے لئے پسندیدہ قرار دی جانے والی فرانس کی ٹیم میچ کے پہلے ہاف میں توقعات کے مطابق کھیل پیش کرنے میں ناکام رہی اور آسٹریلیا نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے فرانس کو گول کرنے سے باز رکھا لیکن وہ خود بھی کوئی گول نہ کر سکی۔دوسرے ہاف کے 58ویں منٹ میں آسٹریلیائی کھلاڑی کا فاؤل ہوا لیکن ریفری نے اسے فاؤل تصور نہ کیا تاہم فرانسیسی ٹیم کے اعتراض پر ورلڈ کپ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ویڈیو ری پلے کا استعمال کیا گیا۔ویڈیو ری پلے نے فاؤل کی تصدیق کر دی جس پر فرانس کو پینالٹی دی گئی اور انٹونیو گریز مین نے اس پر گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔