دفاعی چمپئن اسپین کا ورلڈ کپ پہلے ہی راؤنڈ میں ختم ، چلی 2-0 سے فاتح

ریو ڈی جنیرو ، 19 جون (سیاست ڈاٹ کام) برازیل میں فٹبال کے ورلڈ کپ کی دفاعی چمپئن اسپین کی ٹیم چلی کے مقابل شکست کے بعد پہلے ہی راؤنڈ میں ٹورنمنٹ سے باہر ہوگئی ہے۔ چلی نے ریو ڈی جنیرو کے ماراکانا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں اسپین کو 0-2 گول سے شکست دی۔ عالمی مقابلوں کی تاریخ میں یہ پانچواں موقع ہے کہ دفاعی چمپئن کا سفر پہلے ہی راؤنڈ میں ختم ہوگیا ہے۔ اس ٹورنمنٹ میں اسپین کو اپنے پہلے میچ میں ہالینڈ کے خلاف 1-5 گول سے شکست ہوئی تھی اور وہ اس کے اثر سے نکل ہی نہ پائی۔ گذشتہ روز اسپین کے خلاف میچ میں پہلا ہاف شروع ہوتے ہی چلی نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور پہلے ہی منٹ میں اسپینی گول پر حملہ کیا لیکن گول نہ ہو سکا۔ اسپین کو گول کرنے کا پہلا موقع 14 ویں منٹ میں ملا لیکن زابی الونزو کی شاٹ سب کے سر کے اوپر سے ہوتی ہوئی باہر چلی گئی۔

اسپینی ٹیم کھیل کے ابتدائی مراحل سے ہی کمزور نظر آئی اور کھلاڑیوں کے کھیلنے کے انداز سے تھکن نمایاں تھی۔ چلی کی ٹیم جسے اسٹیڈیم میں موجود ہزاروں شائقین کی حمایت بھی حاصل تھی اس جوش اور ولولے سے کھیلی جو اسپینی ٹیم میں کہیں دکھائی نہ دیتا تھا۔ 19ویں منٹ میں جب ایڈوارڈو وارگوس نے چارلس اورنگوئز کے پاس پرگول کر کے چلّی کو برتری دلوائی تو اس کے بعد چلی کی ٹیم نے پیچھے مڑ کر نہ دیکھا۔ چلی کے کھلاڑیوں نے اسپینی گول پر لگاتار حملے کئے جن کا نتیجہ انھیں پہلا ہاف ختم ہونے سے چند منٹ قبل اس وقت ملا جب چلی کے ارانگوئز نیگول کر کے اپنی ٹیم کی برتری دوگنی کر دی۔ یہ گول ایک مرتبہ پھر اسپینی کیپر اور کپتان آئیکر کیسیئس کی غلطی کا نتیجہ تھا جنھوں نے اس ٹورنمنٹ میں دو میچوں میں سات گول کروائے۔ دوسرے ہاف میں ابتدا میں تو اسپین کی ٹیم بہتر کھیلی اور پہلے 15 منٹ میں دو خطر ناک حملے کئے لیکن ڈیاگو کوسٹا اور سرجیو گول کرنے میں ناکام رہے۔ جیسے جیسے دوسرا ہاف اختتام کی جانب بڑھا اسپینی کھلاڑیوں کے ہمت ہار جانے کے ثبوت سامنے آتے گئے اور چھ منٹ کے اضافی وقت کے اختتام کے ساتھ ہی اسپین کا ورلڈ کپ سفر بھی ختم ہوگیا۔

خیال رہے کہ یہ کسی بھی ورلڈ کپ حتی کہ کسی بین الاقوامی میچ میں بھی چلی کی اسپین کے خلاف پہلی کامیابی ہے۔ دفاعی چمپیئن اسپین جس نے گذشتہ 6 برسوں سے فٹبال کے عالمی منظر پر اپنا دبدبہ قائم کیا تھا لیکن چلی کے خلاف منعقدہ مقابلہ میں دفاعی چمپیئن ٹیم کے کھلاڑیوں کی پاسنگ میں کافی خامیاں دیکھنے کو ملی۔ چار برس قبل ورلڈ کپ ٹرافی اٹھانے والے اسپین کے کپتان کاسی لاس نے شائقین سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے شائقین سے صرف معذرت خواہی کرسکتے ہیں۔ نیدرلینڈس کے خلاف شرمناک شکست کے بعد چلی کے خلاف اسپین کی شکست انتہائی غیرمتوقع رہی لیکن اس ناکامی کے بعد نہ صرف اسپین کا عالمی سفر ختم ہوگیا بلکہ 2008ء اور 2012ء میں یوروپین چمپیئن شپ کے علاوہ 2010ء میں ورلڈ کپ حاصل کرنے والی ٹیم کی ناکامی کافی حیران کن ہے۔ عالمی چمپیئن ٹیم کی پہلے ہی راونڈ میں ٹورنمنٹ سے باہر ہوجانے پر اسپین کے کوچ ویسنٹ ڈیل باسکو نے کہا کہ بہانے بازی کا سہارا نہیں لیا جائے گا کیونکہ ہم مقابلہ میں شروع سے ہی کافی سست رہے اور اس حیران کن نتیجہ کے بعد تمام کھلاڑیوں کو اپنے مستقبل کے بارے میں سوچنا ہوگا۔ اسپین ایسی تیسری یوروپی دفاعی چمپیئن ٹیم بنی جسے پہلے ہی راونڈ میں ٹورنمنٹ سے باہر ہونا پڑا کیونکہ اس سے قبل فرانس 2002ء اور 4 برس قبل اٹلی بھی نہ صرف پہلے راونڈ سے باہر ہوئی بلکہ وہ ٹورنمنٹ میں ایک بھی مقابلہ اپنے نام کرنے میں کامیاب نہیں ہوئی تھی۔ واضح رہے گذشتہ برس کانفیڈریشن کپ میں برازیل کے خلاف شکست کے بعد دوستانہ مقابلہ میں بھی اسپین کو برازیل کے خلاف شکست برداشت کرنی پڑی تھی۔