دفاعی شعبہ میں بعض اشیاء پر پابندی زیرغور : پاریکر

نئی دہلی 21 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) وزیر دفاع منوہر پاریکر نے کہاکہ اندرون ملک دفاعی شعبہ کو فروغ دینے کی ایک کوشش کے حصہ کے طور پر بیرون ملک بعض دفاعی اشیاء کی برآمدات پر پابندی زیرغور ہے۔ حکومت کی پالیسی کے تحت دفاعی شعبہ میں زیادہ سے زیادہ دیسی ساز و سامان کے استعمال کو ترجیح دی جائے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ ہم کو اپنی اشیاء بیرون ملک فروخت کیوں نہیں کرنی چاہئے اس کی مجھے کوئی معقول وجہ نظر نہیں آتی۔ تاہم دفاعی شعبہ میں بیرونی اشیاء کے استعمال کو کم کرنے کے لئے ہم نے ایسی پالیسیاں بنائی ہیں کہ ہندوستانی دفاعی شعبہ میں بعض بیرونی یا غیر ملکی اشیاء پر پابندی عائد کریں۔ وزیر دفاع نے کہاکہ ہماری پالیسی کو دھیرے دھیرے صورت دی جارہی ہے۔ ہمیں توقع ہے کہ ہم بہت جلد ایسا کرنے میں کامیاب ہوں گے۔ وزیر دفاع یہاں ایک سمینار سے خطاب کررہے تھے۔ حکومت کے ’’میک اِن انڈیا‘‘ منصوبہ کو فروغ دینے کے لئے دفاعی شعبہ میں بیرونی اشیاء کے استعمال کو کم کردیا جائے گا۔ دفاعی شعبہ کے بیرونی ساز و سامان کو ہم 60 فیصد تک کم کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ اس خصوص میں حکومت ایک نئی دفاعی پالیسی تیار کرے گی جس میں بعض ایسے اقدامات کئے جائیں گے جن کی مدد سے ’’میک اِن انڈیا‘‘ منصوبہ کو فروغ دیا جائے گا۔ اس سلسلہ میں ایک مسودہ کو قطعیت دی جارہی ہے۔ منوہر پاریکر نے دفاعی اشیاء کی برآمدات پر توجہ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ ان کا خیال ہے کہ ہندوستان ایشیاء کی برآمدات سے بالواسطہ طور پر ان ملکوں کو مدد ملے گی جو اس خطہ میں امن و استحکام کو یقینی بنانا چاہتے ہیں۔