دعوت ولیمہ میں نیم برہنہ رقص‘ بشمول دولھا 7 افراد زیرحراست

حیدرآباد۔ 23 جولائی (سیاست نیوز) چندرائن گٹہ پولیس نے ولیمہ کی تقریب میں دیر رات گئے تک نیم برہنہ ڈانسرس کی جانب سے فحش رقص کے کیس میں 7 افراد بشمول دولہے کو حراست میں لے لیا۔ تفصیلات کے مطابق انسپکٹر چندرائن گٹہ نوین نے کیس میں ملوث سات ملزمین کو حراست میں لے لیا ہے اور انہیں کل عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ ذرائع نے بتایا کہ پولیس نے مخرب اخلاق رقص کیس میں پارٹی آرگنائزر فراست علی ، آرکسٹر انچارج محمد وسیم ، نوشہ یحییٰ باحامد ، عبداللہ باحامد ، نوری پیالیس فنکشن ہال کے مینیجر ظہورالدین طاہر ، نوری پیالیس فنکشن ہال کے پروپرائٹر عیسیٰ مصری اور ایونٹ مینیجر کمار کو تعزیراتِ ہند کی دفعہ 294 (نیم برہنہ اور فحش ڈانس ) اور دفعہ 188 (پولیس قوانین کی خلاف ورزی) کے تحت درج کئے گئے مقدمہ میں حراست میں لے لیا گیا ہے۔ انسپکٹر چندرائن گٹہ نوین نے بتایا کہ شواہد کے طور پر ولیمہ تقریب کے تمام ویڈیوز کو ضبط کرلیا گیا ہے اور حراست میں لئے گئے ملزمین کو نامپلی کریمنل کورٹ میں کل پیش کیا جائے گا۔ پولیس نے پرانے شہر کے تمام شادی خانہ کے انتظامیہ کو پھر ایک مرتبہ انتباہ دیا ہے کہ وہ شادی یا ولیمہ یا کسی بھی تقریب کے دوران صوتی آلودگی پیدا کرنے والے پروگرامس کی ہرگز اجازت نہ دیں اور شادی خانہ کے احاطہ میں قابل اعتراض ناچ گانے کی اجازت نہ دیں