ظہیر آباد ۔ 31 ۔ ڈسمبر ( ریعہ ای میل ) اللہ کے رسول ﷺ کی پوری زندگی کے واقعات سیرت النبیؐ کہلاتے ہیں ۔ اللہ کی اطاعت رسولؐ کی اطاعت میں مضمر ہے ۔ اللہ کے رسول کا یہ اسوہ رہا ہے کہ انہو ںنے اللہ کے احکامات کے مطابق اپنی زندگی کو گزارا ۔ ان خیالات کا اظہار ناظم علاقہ شمالی تلنگانہ جماعت اسلامی ہند مولانا ریاض الدین نے جماعت اسلامی ہند ظہیر آباد کے زیراہتمام منعقدہ خطاب عام بعنوان سیرت النبیؐ کا پیغام مسلم فنکشن ہال لطیف روڈ ظہیرآباد میں کیا اور مزید کہا کہ اللہ کے رسولؐ کی سیرت ہمیں ذہنی اعتبار سے فولادی بناتی ہے آپس میں شیر و شکر کی طرح سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح بناتی ہے ۔ دعوت دین عشق رسولؐ کے بغیر مکمل نہیں ہوسکتا۔ اتباع رسول اورا طاعت رسول ؐکے بغیر غلبہ دین نہیں ہوسکتا ہے ۔ سیرت النبیؐ کے پیغام کو سمجھنے کیلئے قرآن مجید کا ترجمہ پڑھیں ، سیرت النبیؐ پڑھی جائے ، عشق رسولؐ کیلئے ساری زندگی کو نمونہ بنائیں ، مقصد حیات غلبہ دین ہے اتحاد و اتفاق پیدا کریں انتشار سے بچیں ۔ کلمہ کی بنیاد پر متحد ہوجائیں غلبہ دین کیلئے نماز اور صبر سے مدد لیں مومنانہ کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے ۔ پروگرام کا آغاز ایس آئی او ممبر محمد اشفاق کی تلاوت و ترجمانی سے ہوا ۔ امیر مقامی جماعت اسلامی ہند ظہیرآباد جناب محمد ناظم الدین غوری نے مہمانوں کا استقبال کیا اور پروگرام کی غرض و عنایت سے واقف کروایا ۔ ناظم ضلع میدک مغربی مولانا محمد امجد حسین نے بعنوان ’’ سیرت کا پیغام اور مساوات ‘‘ مخاطب کیا ۔ جناب محمد بختیار حسین ناظم اسلامی معاشرہ نے بعنوان احترام انسانیت اور محسن انسانیت مولانا سید یوسف صوفیانی خطیب مسجد کمیلہ نے بعنوان اللہ کے رسول بحیثیت داعی اعظم جناب محمد وسیم احمد ناظم شعبہ خدمت خلق نے بعنوان عصر حاضر میں میڈیا کی صورتحال تقاضے اور اسوہ رسولؐ تقاریر پیش کئے ۔ محمد مقیت الدین ثاقب ، محمد طلحی ، محمد صدیق طلباء نے ترانے پیش کئے ۔ جناب محمد معین الدین نے نظامت کے فرائض انجام دیئے اور معاون امیر مقامی جناب محمد رفیع الدین نے اظہار تشکر ادا کیا ۔ اس موقع پر محمد بلند احمد خان ، عبدالغفار ، عبدالغفور ، ابراہیم توکلی ، محمد زبیر احمد ، محمد عابد علی ، سید عیسی ارکان جماعت ، عبدالجبار و دیگر نوجوانوں و بزرگان ملت کی کثیر تعداد موجود تھی۔