دعوتی سرگرمیاں مولانا الیاس قاسمی ؒ کی پہچان

جلسہ اعتراف خدمات سے مولانا عبدالعلیم کوثر کا صدارتی خطاب
مکتھل۔ 24 فبروری ۔ ( ای میل ) مدرسہ فیض العلوم حسینہ مکتھل کے سابق ناظم مدرسہ مولانا الیاس انجم قاسمیؒ جن کا انتقال 10 فبروری کو محبوب نگر میں ہوا تھا، اپنی مقبولیت اور فعالیت کی وجہ سے لوگوں کے دلوں میں جگہ بنائے ہوے تھے۔ مرحوم ضلع محبوب نگر کے جمعیۃ العلماء کے جنرل سکریٹری اور مدرسہ حفصہ للبنات جہاں لڑکیوں کے لیے فضیلت تک کی تعلیم ہے کے بانی و ناظم تھے۔ پرجوش تقریروں پر اثر نعتوں اور دعوتی سرگرمیوں کی وجہ سے قریہ قریہ آپ کی پہچان تھی۔ مکتھل منڈل کے علاوہ ضلع رائچور اور یادگیر میں آپ کے بے شمار شاگرد آپ کی تربیت کی بہترین مثال بنے ہوے ہیں۔ان خیالات کا اظہار صدر جلسہ مولانا عبدالعلیم کوثرؔقاسمی صدر جلسہ نے کیا ۔ مولانا الیاس قاسمی کی رحلت کے تیسرے ہی دن شہر محبوب نگر ہی میں آپ ؒکے خدمات کے اعتراف میں بڑا جلسہ ہوا تھا،لیکن ان کے شاگرد جو پڑوسی ریاست کرناٹک میں کثیر تعداد میں ہیں کے اصرار پر مدرسہ فیض العلوم مکتھل میں جہاں مولانا نے 20سال تدریسی خدمت کے علاوہ ناظم کی ذمہ داریاں بحسن و خوبی انجام دی ۔ آپ کے خدمات کے اعتراف میں 20 فبروری بعد نماز مغرب ایک جلسہ منعقد کیا گیا جس سے مولانا غلام محمد فیضی ، مولانا عبد القوی فیضی ، حافظ لیاقت علی فیضی اور مولانا خالد فیضی کے علاوہ شہر محبوب نگر کے ممتاز علماء مولانا اظہرالدین مکرم اور مولانا فہیم الدین ندوی نے خطاب کیا۔ مفتی رحمت علی نے جلسہ کی نظامت کی آخر میں صدر جلسہ مولانا عبدالعلیم کوثرؔقاسمیجو آپ کے ابتدائی تعلیم سے فراغت کے بھی ساتھی ہیں نے صدارتی خطاب کیا اور مفتی عبدالرحمن کی دعا پر جلسہ کا اختتام ہوا۔ اس موقعہ پر معززین شہر کی ایک کثیر تعداد شریک تھی۔