دس سال سے کم عمر کے بچوں کی ادائیگی حج پر امتناع؟

زیادہ درجہ حرارت کی وجہ سے اقدام متوقع، قطعی فیصلہ باقی
ریاض ۔ 9 جنوری۔( سیاست ڈاٹ کام ) سعودی عرب کے مقامی اخبارات میں شائع خبروں کے مطابق آئندہ سال حج سیزن سے 10 سال سے کم عمر کے بچوں کو ادائیگی حج کی اجازت نہیں ہوگی ۔ وزارت حج اور انتظامی کمیٹی کے درمیان ہوئے تبادلہ خیال کے بعد یہ اشارے ملے ہیں۔ حالانکہ اس تعلق سے اب تک کوئی قطعی فیصلہ نہیں کیا گیاہے ۔ اخبار الوطن نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے یہ خبر شائع کی ۔ تبادلۂ خیال کے دوران یہ نکات بھی زیربحث آئے کہ حج سیزن کے موقع پر سعودی عرب کا درجۂ حرارت بہت زیادہ ہوتا ہے ۔ علاوہ ازیں مقامات مقدسہ پر دُنیا بھر سے آئے عازمین حج کی تعداد بہت زیادہ ہوتی ہے جس سے بچوں کو خطرہ لاحق ہوسکتا ہے ۔ مزید برآں یہ اندیشے بھی پائے جاتے ہیں کہ دس سال سے کم عمر کے عازمین مختلف انفیکشنس کا شکار ہوسکتے ہیں۔ عرب نیوز کے مطابق ایسے سینکڑوں بچے حج پر اپنے والدین کے ساتھ آتے ہیں یہاں تک کہ شیطان کو کنکریاں مارنے کے رکن کے دوران یعنی جمرات برج پر بھی والدین اُنھیں اپنے ساتھ لے آتے ہیں۔ حج کا یہ رکن عام طورپر دوپہر کے وقت انجام دیا جاتا ہے جو کسی بھی صحت مند اور مضبوط جسم والے عازم کیلئے بھی ایک مشکل عمل ہوتا ہے۔