نارائن پیٹ ۔13ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) عیدالضحیٰ کے موقع پر مسلمان جانوروں کی قربانی تین دن تک کرتے ہیں ‘ عید الضحیٰ 6اکٹوبر کو ہونے کا امکان ہے ‘ عیدالضحیٰ کے دوسرے دن ہی مدارس کی کشادگی کے سبب مسلم ملازمین اور اساتذہ برادری کو دشواریاں پیدا ہوسکتی ہیں۔ چنانچہ دسہرہ کی تعطیلات کو 8اکٹوبر تک توسیع دینے کا مطالبہ جناب رؤف حسام الدین ریاستی سکریٹری سوٹا نے ایک بیان میں تلنگانہ حکومت سے کیا ۔ انہوں نے دسہرہ کی تعطیلات کے دوران اساتذہ کے تبادلوں کے امکانات کو خوش آئند قرار دیا ۔ جناب رؤف حسام الدین نے کہا کہ تبادلہ کے عمل کے دوران اوقات کو صبح 10بجے تا شام 5بجے تک متعین کردیا جائے تاکہ تمام اساتذہ کو سکون حاصل ہوسکے ۔ سابق میں تبادلہ کا عمل دن اور رات کے 24گھنٹے انجام دیا جاتا رہا ہے ۔ اپنی باری کے انتظار میں بعض اوقات اساتذہ کو کھلے میدانوں میں ‘ چھوٹے بچوں کے ساتھ سردی ‘گرمی کو برداشت کرتے ہوئے بیٹھے رہنا پڑا ہے ۔ تبادلہ کے دوران اوقات کو صبح 10بجے تا شام 5بجے کے اندرون ہی انجام دینے کا انہوں نے مطالبہ کیا ۔