دسہرہ تک تلنگانہ میں 14 نئے اضلاع کا اضافہ

عنقریب کل جماعتی اجلاس ، چیف منسٹر کے سی آر کا وزراء ، ایم پیز و ایم ایل ایز کے ساتھ اجلاس
حیدرآباد ۔ 29 ۔ جون (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ریاست میں قائم ہونے والے نئے اضلاع کے بارے میں وزراء ، ارکان پارلیمنٹ ، ارکان اسمبلی و کونسل کے ساتھ اجلاس منعقد کیا اور اس بات کا اشارہ دیا کہ دسہرہ تک ریاست میں 14 نئے اضلاع قائم کئے جائیں گے۔ ایچ آئی سی سی میں منعقدہ اس توسیعی اجلاس میں چیف منسٹر نے بہتر حکمرانی کیلئے نئے اضلاع کے قیام کی ضرورت اور اس کی افادیت سے واقف کرایا ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ اس مسئلہ پر بہت جلد کل جماعتی اجلاس طلب کرتے ہوئے تمام جماعتوں کی رائے حاصل کی جائے گی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ موثر حکمرانی اور عوام کی سہولت کیلئے موجودہ اضلاع کی نئی حدبندی کی جائے گی اور نئے اضلاع کے قیام کی تجویز ہے۔ نئے اضلاع اور منڈلوں کی تشکیل کے سلسلہ میں عوامی نمائندوں اور پارٹی قائدین کو مکمل معلومات حاصل ہونی چاہئے ۔ اسی مقصد سے ٹی آر ایس لیجسلچر پارٹی اور پارلیمنٹری پارٹی کا توسیعی اجلاس طلب کیا گیا ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ضلع کلکٹرس اور عہدیداروں کے ساتھ نئے اضلاع کے قیام کے سلسلہ میں مشاورت کا عمل مکمل ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں وقفہ وقفہ سے ریاستوں میں اضلاع کی تعداد میں اضافہ کیا گیا۔ تاہم مغربی بنگال اور آندھراپردیش میں اضلاع کی تقسیم عمل میں نہیں آئی جس کے باعث ہر ضلع کو مرکز سے حاصل ہونے والی امداد اور فنڈس حاصل نہیں ہوئے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ نوودیا اور کیندرا ودیالیہ کے قیام کے لئے نئے اضلاع کی تشکیل ضروری ہے۔ حکومت چاہتی ہے کہ ریاست میں ہر علاقہ بہتر طور پر ترقی کرے جس کے لئے جامع حکمت عملی کے ساتھ اضلاع کی تنظیم جدید کی جائے گی ۔ نئے اضلاع کے قیام سے ریاست میں ترقی کے نئے مراکز قائم ہوں گے ۔

کے سی آر نے کہا کہ مزید 14 اضلاع اور 74 منڈلوں کی تشکیل کی تجویز زیر غور ہے ۔ ہر ضلع کے تحت تقریباً 20 منڈل ہوں گے ۔ ضلع ہیڈکوارٹر سے قریب واقع منڈلوں کو اسی ضلع میں شامل کیا جائے گا ۔ زائد آبادی والے شہروں اور ٹاؤنس کو اربن منڈل کا درجہ دیاجائے گا۔ ایک اسمبلی حلقہ ، ایک ضلع کی حیثیت میں ہونا چاہئے، اس طرح کی کوئی شرط  نہیں ہے۔ ایک اسمبلی حلقہ ، دو یا تین اضلاع میں پھیلا ہوا ہوسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک سے زائد ضلع میں ایک اسمبلی حلقہ کے علاقہ آسکتے ہیں اور حکومت اس بات کی کوشش کر رہی ہے کہ اسمبلی حلقہ کو ضلع ہیڈکوارٹر کا درجہ دیا جائے تاکہ تیز رفتار ترقی ممکن ہوسکے۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ منڈل ہیڈکوارٹر سے قربت رکھنے والے گاوؤں کو اسی منڈل کے تحت شامل کیا جائے گا۔ کے سی آر نے بتایا کہ اس سلسلہ میں تمام جماعتوں کی رائے حاصل کرنے کیلئے بہت جلد کل جماعتی اجلاس طلب کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے اضلاع کے ذریعہ بہتر حکمرانی ممکن ہے۔ انہوں نے عوامی نمائندوں پر زور دیا کہ وہ ریاست میں خواندگی کی شرح میں اضافہ پر توجہ دیں اور غریب خاندانوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کی کوشش کریں۔ غریب خاندانوں کے طلبہ کو اسکولوں میں واپس لائیں تاکہ ہر غریب خاندان تعلیم سے ترقی کرسکے۔ انہوں نے کہا کہ ہر ضلع ہیڈکوارٹر کو ترقی کے ایک مرکز میں تبدیل کیا جائے گا اور وہاں تمام عصری سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ نئے اضلاع کے قیام کے سلسلہ میں اپوزیشن کی جانب سے کی جانے والی تنقیدوں پر توجہ کی ضرورت نہیں ہے ۔ بعض جماعتیں سیاسی مقصد براری کیلئے الزامات عائد کر رہی ہیں ۔ عوامی بھلائی اور بہتر حکمرانی ہمارا مقصد ہونا چاہئے۔