یلاریڈی میں نصابی کتابوں کے ذخیرہ کا بھی معائنہ
یلاریڈی۔/20جون ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) یلاریڈی مستقر پر بوائزہائی اسکول، جیوا دان اسکول، گورنمنٹ ہائی اسکول میں دسویں جماعت کے سپلیمنٹری امتحانات سنٹروں کی تنقیح کی بودھن ڈپٹی ڈی او مسٹر پدما نابھم نے کی۔ بعد ازاں انہوں نے اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سکسس اسکولوں میں 54 سے کم طلباء کی تعداد اگر ہو تو قریب کے ماڈل اسکول پر داخل کیا جائے گا۔ ریشنلائزیشن کے تحت جانے والے اساتذہ کو دس پوائنٹ اضافہ دیا جائے گا۔ریشنالائزیشن مکمل ہونے پر 23اساتذہ کا تبادلہ کیا جائے گا۔ اساتذہ کی خالی جائیدادوں کا آن لائن میں رکھا جائے گا۔ بودھن ڈیویژن حدود میں اب تک 80فیصد کتابیں سرکاری اسکولوں کو سربراہ کردی گئی ہیں۔ کچھ نصاب میں جدید اسباق شامل کرنے سے کتابوں کی سربراہی میں مختصرا تاخیر ہوگی۔ ڈی او مسٹر پدنابھم نے مزید کہا کہ غیر مسلمہ خانگی اسکولوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ایک لاکھ روپئے کا جرمانہ اور روزانہ زائد از دس ہزار روپئے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ خانگی اسکول ذمہ داران اپنی گاڑیوں میں گاڑی کا فٹنس، طلباء کی تفصیلات رکھا کریں۔ بعد ازاں انہوں نے ایم ای او آفس پہنچ کر ریکارڈ کی تنقیح کی۔اس موقع پر انہوں نے آفس میں موجود نصابی کتابوں کے ذخیرہ کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر یلاریڈی ایم ای او مسٹر وینکٹیشم موجود تھے۔