بچکنڈہ /7 جون (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بچکنڈہ منڈل کے موضع بنڈہ رنجل کی طالبہ بشریٰ تبسم بنت ثناء اللہ کی دسویں جماعت میں نمایاں کامیابی پر مولوی عبد العلیم فاروقی نے مبارکباد پیش کرتے ہوئے نقد انعام سے نوازا۔ انھوں نے حلقہ جکل کے چار گورنمنٹ اردو میڈیم ہائی اسکولس کے امتحان سے قبل طلبہ و طالبات کو تیقن دیا تھا کہ جن طلبہ و طالبات نے دہم جماعت میں نمایاں کامیابی حاصل کی، انھیں انعامات سے نوازا جائے گا، لیکن حلقہ جکل میں ایک ہی طالبہ نے امتیازی کامیابی حاصل کی، جس کی وجہ سے اسے ایوارڈ اور انعام سے نوازا گیا۔ واضح رہے کہ جناب عبد العلیم فاروقی کی حلقہ جکل میں کافی خدمات ہیں۔ ان کی بے لوث خدمات کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ انھوں نے طلبہ و طالبات کی ہمیشہ ہمت افزائی کی ہے۔ انھوں نے ادارہ سیاست کی ملی و سماجی خدمات کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ حلقہ جکل پسماندہ علاقہ ہونے کے باوجود پانچ سال سے مفت فراہم کردہ سیاست ایس ایس سی کوسچن بینک سے طلبہ و طالبات فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ انھوں نے ادارہ سیاست کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر مقامی سرپنچ شیخ لڈو، شیخ احمد، جامع مسجد کے صدر شیخ پاشاہ اور جناب قربان علی چشتی و قادری بھی موجود تھے۔