دستور کی حفاطت کیلئے سیکولر عوام کو متحد بنانا، ناگزیر

جمعیت العلماء ہند جنرل سکریٹری ناندیڑ مولانا ایوب قاسمی کی پریس کانفرنس
ناندیڑ۔/12 اکٹوبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ناندیڑ جمعیۃ العلماء ہند ارشد مدنی مسلمانوں کی نمائندہ تنظیم ہے جو ملک کے مسلمانوں کے مسائل کے حل کیلئے مسلسل جدوجہد کرتی ہے۔ جمعیت العلمائے ہند ملک کی آزادی کی لڑائی میں پیش پیش رہی ہے اور ملک کی آزادی کے بعد مسلمانوں کے سماجی، تعلیمی و ملی مسائل کو حل کرنے کیلئے ہر ممکن ذرائع کو استعمال کرتے ہوئے انہیں حل کرنے میں کوشاں ہے۔کچھ لوگ اس ملک سے دستور کا خاتمہ چاہتے ہیں ایسے افراد اور جماعتوں کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے جمعیت العلماء ہند ارشد مدنی سیکولر عوام اور قائدین کو ساتھ لے کر مذکورہ طاقتوں کے خلاف آواز اٹھاتے ہوئے سیکولر عوام کو متحد کرنے کا کام کررہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار جمعیت العلمائے ہند ارشد مدنی ناندیڑ کے جنرل سکریٹری مولانا ایوب قاسمی نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ جمعیت العلماء کے ذمہ دار تمام ریاست میں دورہ کرتے ہوئے عوام سے ملاقات کررہے ہیں اور کارنر میٹنگس اور جلسوں کا اہتمام کرتے ہوئے انہیں ممبر سازی میں حصہ لینے کی اپیل کررہے ہیں۔ انہوں نے ریاست مہاراشٹرا کے تمام مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ جمعیت العلماء ہند ارشد مدنی کی 30اکٹوبر تک چلنے والی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔