دستور میں تمام طبقات کو حقوق کی آزادی

نندی پیٹ۔ 28 جنوری (ای میل) مدرسہ فلاح دارین نندی پیٹھ میں شہیدان وطن بلالحاظ مذہب و ملت کو خراج عقیدت پیش کرنے اور مسلم نوجوان نسل کو علماء اور مجاہدین آزادی کی قربانیوں سے واقف کروانے کی غرض سے یوم جمہوریہ ہند کے موقع پر ایک پروگرام بعنوان ’’آزادی ہندوستان میں مسلمانوں کا کردار‘‘ منعقد کیا گیا جس کی صدارت مولانا سید ولی اللہ قاسمی صدر جمعیتہ العلماء نظام آباد نے کی۔ پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت شریف سے ہوا۔ مولانا سید ولی اللہ قاسمی نے اپنے خطاب میں مجاہدین آزادی کی طویل ترین قربانیوں پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ آج ان قربانیوں کی بدولت ملک آماد ہوا اور اس ملک میں ایسے دستور کو وضع کیا گیا جو تمام مذاہب کے ماننے والے شہریوں کے مذہبی حقوق کی آزادی فراہم کرتا ہے۔ مولانا نے بتایا کہ ہندوستان دنیا کا بڑا جمہوری ملک ہے اور کثرت میں وحدت اس ملک کی پہچان ہے۔ قبل ازیں جناب مولانا حافظ عبدالرشید صدر جمعیتہ العلماء ، جناب محمد افتخار احمد صدر جامع مسجد کمیٹی جناب شیخ کلیم صدر مسلم مائناریٹی کمیٹی نے معززین اور علمائے کرام کا خیرمقدم کیا۔

اس موقع پر مہمانان خصوصی کی حیثیت سے جناب سرپنچ شاکر حسین، نائب سرپنچ راج شیکھر، وارڈ ممبر رفیق پاشاہ وغیرہ نے شرکت کی۔ اس موقع پر ہندو۔ مسلم عوام اور مختلف شعبہ حیات سے وابستہ احباب نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ پروگرام سے خطاب کرنے والوں میں مسرز محمد نصیرالدین لیکچرر، محمد افضل الدین قائدین جمعیتہ العلماء قابل ذکر ہیں۔ اس تاریخی جلسہ کے کامیاب انعقاد کیلئے مولانا عبدالسلیم، تمیز خاں، شیخ معز، حافظ عمران شیخ لطیف، سید جمیل، جاوید، عبدالسمیع امام و خطیب جامع مسجد مولانا محمد افضل مرزا، محمد شریف الدین، عبدالقدیر ، تجمل احمد خاں ذمہ دار جماعت نے گراں قدر خدمات انجام دیں۔ مولانا سید ولی اللہ قاسمی کی دعا اور جناب محمد افتخار احمد صدر جامع مسجد کمیٹی کی دعا پر یہ یادگار پروگرام اختتام پذیر ہوا۔