نیتی آیوگ پر راہول گاندھی کے تبصرے افسوسناک : نقوی
نئی دہلی۔30 مارچ (سیاست ڈاٹ کام)راہول گاندھی کے کانگریس کے اقتدار میں آنے کی صورت میں نیتی آیوگ کو برخاست کردینے کے بیان پر سخت نکتہ چینی کرتے ہوئے بی جے پی کے سینئر لیڈر مختار عباس نقوی نے متنبہ کیا کہ حزب مخالفت کی جماعت کانگریس نے دستوری اداروں کو دھمکانا اور بدنام کرنا شروع کردیا ہے۔ اقلیتی امور کے مرکزی وزیر نقوی نے کہا کہ ’’شہزادے‘‘ جاگیردارانہ گھمنڈ‘‘ کے زیراثر یہ باتیں کہہ رہے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب کانگریس اقتدار میں تھی تو اس وقت اس خاندان کا جاگیردارانہ مزاج اور تفخر دستوری اداروں کے مجرمانہ غلط استعمال کی انتہا پر تھا۔ انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ کیا شہزادہ اور شہزادی چونکہ اقتدار میں نہیں ہیں، اس لئے وہ ’’ماہی بے تاب‘‘ کی طرح تڑپ رہے ہیں۔ نقوی نے اخبار نویسیوں سے بات چیت کے دوران بتایا کہ یہ لوگ (نہرو گاندھی خاندان) یہ سمجھتے ہیں کہ اقتدار ان کا پیدائشی حق ہے، لیکن ہندوستانی عوام انہیں حال ہی میں ہونے والے لوک سبھا انتخابات میں سبق سکھائیں گے۔ منصوبہ بندی کمیشن کا قیام1950ء میں کانگریس کے دور حکومت میں عمل میں آیا تھا۔ مودی انتظامیہ نے اس کی جگہ نیتی آیوگ کا قیام عمل میں لایا۔ کانگریس اس حلقہ دانشوران (منصوبہ بندی کمیشن) کے ڈھانچہ کو دوبارہ قائم کرنے کیلئے کوشاں ہے۔