درگاہ میراں شاہ قادری کا عرس شریف، تمام تیاریاں مکمل

گمبھی راؤ پیٹ /26 اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) گمبھی راؤ پیٹ کے مصطفی نگر میں واقع درگاہ حضرت میراں شاہ قادری رحمۃ اللہ علیہ کا سالانہ عرس شریف یکم مئی بروز جمعہ منایا جائے گا، جب کہ ایک یوم قبل 30 اپریل کو بعد نماز عصر جلوس صندل شریف متولی کے مکان واقع سبھاش نگر سے برآمد ہوگا، جو اہم چوراہوں سے ہوتا ہوا درگاہ شریف پہنچے گا۔ بعد ازاں مراسم چراغاں کے علاوہ چادر گل کی پیشکشی اور فاتحہ خوانی ہوگی۔ دریں اثناء متولی درگاہ جناب محمد عبد الرحیم نے نمائندہ سیاست کو بتایا کہ عرس کے موقع پر مختلف اضلاع کریم نگر، میدک، نظام آباد، ورنگل، رنگاریڈی کے علاوہ پڑوسی ریاستوں کے ہزارہا عقیدت مند بلالحاظ مذہب و ملت شرکت کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ زائرین کی سہولت کے لئے احاطہ درگاہ میں تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ علاوہ ازیں پینٹنگ اور لائٹنگ وغیرہ کا کام بھی مکمل کرلیا گیا ہے۔ متولی نے درگاہ میں ترقیاتی کاموں کے انجام دہی کے لئے یوسف لاری ٹرانسپورٹ کاما ریڈی کی جانب سے دس ہزار روپئے عطیہ دیئے جانے پر ان سے اظہار تشکر کیا اور اہل خیر حضرات سے زائرین کے لئے آرامگاہ کی تعمیر میں تعاون کی خواہش کی۔