درگاہ قاضی پیٹ میں عیدالاضحی کا اجتماع

قاضی پیٹ۔/8اکٹوبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) احاطہ درگاہ حضرت سید شاہ افضل بیابانی ؒ قاضی پیٹ میں نماز عیدالاضحی عقیدت و احترام کے ساتھ ادا کی گئی۔ سجادہ نشین درگاہ قاضی پیٹ مولانا خسرو پاشاہ بیابانی نے امامت کے فرائض انجام دیئے۔ قبل ازیں مولانا خسرو پاشاہ بیابانی نے اپنے خطاب میں عیدالاضحی اور اس کا پیغام پر خطاب کیا۔جناب خسرو پاشاہ نے کہا کہ مہمان نوازی کرنا حضرت ابراہیم علیہ السلام کی سنت ہے اور ہم آپؑ کے بتائے ہوئے راستے کو اختیار کریں۔انہوں نے کہا کہ حضرت ابراہیم علیہ السلام کے گھر جب بھی مہمان آتے تو آپؑ خود بھوکے پیٹ رہتے تھے اور مہمانوں کو کھلاتے تھے۔ کبھی یہ نہیں سوچتے تھے کہ گھر میں کیا ہے اور کیا نہیں جو بھی ہوتا اسے اپنے مہمان میں تقسیم کردیتے تھے۔ حضرت ابراہیم علیہ السلام کی سنت پر عمل کریں اور نمازوں کی پابندی کریں۔ بعد نماز عیدالاضحی بارگاہ شریف پر خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔