حسن آباد۔/27ڈسمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حسن آباد ریونیو ڈیویژن کے موضع بسوا پور منڈل کوہیڈا میں آج صبح 52 سالہ ٹی ایلیا گوڑ نامی تاڑی تاسندہ جو کہ حسب معمول زائد از 50 فٹ بلند قامت تاڑی کے درخت پر سیندھی نکالنے کیلئے چڑھاہوا تھا اچانک بلڈ پریشر کم ہوجانے کے باعث درخت سے گرجانے کے نتیجہ میں برسر موقع ہلاک ہوگیا۔ اطلاع پاکر کوہیڈ اسب انسپکٹر تروپتی نے جائے حادثہ پہنچ کر بعد پنچنامہ نعش کو حسن آباد دواخانہ بغرض پوسٹ مارٹم منتقل کیا نیز کیس درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا۔ متوفی کے ارکان خاندان اور مقامی عوام نے پسماندگان کو 30 لاکھ روپئے معاوضہ ادا کرنے اور بیوہ کیلئے فی الفور وظیفہ منظور کرنے کا ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا۔
سڑک حادثہ میں 2افراد ہلاک
حسن آباد۔/27ڈسمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حسن آباد پولیس سرکل کے تحت موضع گوگلہ منڈل بیجنکی میں آج صبح11 بجے پیش آئے سڑک حادثہ میں 2 افراد برسر موقع ہلاک ہوگئے۔ سب انسپکٹر ابھیلاش چاری کے بموجب موضع گوگلہ کا 30 سالہ سرینواس جو کہ اپنے 25 سالہ چھوٹے بھائی رویندر کو موٹر سیکل چلانا سیکھارہا تھا کہ آج اچانک دوران سفر موٹر سیکل کے تیز رفتار ہوجانے اور بے قابو ہوکر گرنے کے باعث سرپر لگے شدید زخموں سے رویندر برسر موقع ہلاک ہوگیا۔ جبکہ عقبی سیٹ پر بیٹھا ہوا سرینواس شدید زخمی حالت میں کریم نگر کے دواخانہ کو منتقلی کے بعد کچھ دیر زیر علاج رہ کر زخموں سے جانبر نہ ہوسکا۔ موٹر سیکل چلانا سکھانے کی کوشش کے دوران غیر متوقع طور پر دو سگے بھائیوں کی اچانک موت کی اطلاع پر موضع گوگلہ بیجنکی میں رنج و غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔ بیجنکی پولیس اس ضمن میں کیس درج کرتے ہوئے مصروف تحقیقات ہے۔