حسن آباد۔/8مئی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حسن آباد پولیس سرکل کے تحت موضع تنگلہ پلی منڈل کوہیڈا میں آج صبح تاڑی کے درخت سے نکلنے والے مونجل کو فروخت کرنے کی غرض سے درخت پر چڑھنے والے 50 سالہ بالیا نامی تاڑی تاسندہ درخت پر توازن کھوکر نیچے گرپڑنے کے سبب برسر موقع ہلاک ہوگیا۔ 3 کمسن بچوں و بیوی کی کفالت کرنے والے بالیا کی اچانک موت سے خاندان اپنے کفیل سے محروم ہوگیا۔ عینی شاہدین کی جانب سے مطلع کرنے پر سب انسپکٹر کوہیڈا ستیش نے ضابطہ کی کارروائی انجام دے کر نعش کو بغرض پوسٹ مارٹم حسن آباد دواخانہ کو منتقل کیا نیزکیس درج کرنے و تحقیقات کرنے کا اعلان کیا۔
بی فارم نہ ملنے پر اقدام خودکشی
حسن آباد۔/8 مئی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حسن آباد ریونیو ڈیویژن کے منڈل بیجنکی کے ضلع پریشد نشست پر ٹی آر ایس کی جانب سے انتخابی مقابلے کا بی فارم جاری نہ کئے جانے سے دلبرداشتہ ہوکر ٹکٹ کا اہم دعویدار و موضع لکشمی پور کا سابق سرپنچ 37 سالہ شنکریا نے بطور احتجاج بھاری مقدار میں نیند آور گولیاں کھاکر اقدام خودکشی کرلیا جسے مقامی عوام و رشتہ داروں نے فوری کریم نگر کے سرکاری دواخانہ منتقل کیا جہاں حالت میں سدھار کو دیکھتے ہوئے ارکان خاندان نے بہتر علاج کی غرض سے اپولو ریچ دواخانہ کریم نگر میں شنکریا کو شریک کروایا۔ تاہم اب اس کی حالت کافی بہتر ہے۔ آئندہ دو دنوں میں دواخانہ سے ڈسچارج کئے جانے کی لکشمی بائی نے توقع ظاہر کی ۔ لکشما پور کے سابق سرپنچ و ٹی آر ایس قائد شنکریا کے اقدام خودکشی کی اطلاع پر بیجنکی منڈل کے مختلف مواضعات میں ٹی آر ایس کارکنوں میں شنکریا کے تئیں ہمدردی اور مقامی رکن اسمبلی آر بالا کشن کے خلاف شدید برہمی پائی جاتی ہے۔