سیتاپور 5 جون (سیاست ڈاٹ کام) ایک نابالغ لڑکی جس کی نعش منگل کے دن درخت سے لٹکی ہوئی پائی گئی تھی، اُس کی عصمت ریزی نہیں کی گئی تھی بلکہ وہ پھانسی پر لٹکنے کی وجہ سے فوت ہوگئی۔ پولیس کے بموجب مبینہ طور پر اُس نے خودکشی کی تھی۔ سپرنٹنڈنٹ پولیس تحصیلدار سنگھ نے کہاکہ پوسٹ مارٹم کی رپورٹ سے توثیق ہوگئی ہے کہ 15 سالہ لڑکی کی عصمت ریزی نہیں کی گئی تھی اور وہ پھانسی پر لٹکنے کی وجہ سے دم گھٹ کر ہلاک ہوئی تھی۔ لڑکی نے خودکشی کی تھی اور اُس کی وجوہات کی تحقیقات جاری ہیں۔ لڑکی کی نعش جو اپنے مکان بینی پور دیہات سے 2 جون کی رات سے لاپتہ تھی، 3 جون کو مسریخ کے علاقہ میں درخت سے لٹکی ہوئی پائی گئی تھی۔ اِس سلسلہ میں ایک شکایت مقتولہ کے والد کی جانب سے اپنے پڑوسی کے بشمول جس کے 3 بیٹے ہیں، 6 افراد کے خلاف شکایت درج کروائی گئی تھی۔ ایف آئی آر درج کرنے کے بعد قانون تعزیرات ہند کی دفعہ 302 (قتل) کے الزام میں مقدمہ درج کرلیا گیا تھا۔