دتاتریہ کا مسروقہ موبائیل برآمد، ایک شخص گرفتار

حیدرآباد 31 مئی (پی ٹی آئی) حیدرآباد پولیس نے آج کہاکہ مرکزی وزیر بنڈارو دتاتریہ کا مسروقہ موبائیل فون آج برآمد ہوگیا۔ مشیرآباد پولیس اسٹیشن سے منسلک سب انسپکٹر (ڈٹکٹیو) ایس رامن نے کہاکہ ملزم 52 سالہ جی راجکمار کو گرفتار کرتے ہوئے اس کے قبضہ سے مسروقہ سل فون مالیتی 13000 روپئے ضبط کرلیا گیا۔ یہ موبائیل مرکزی مملکتی وزیر محنت و روزگار بنڈارو دتاتریہ کا تھا جو رام نگر میں واقع ان (دتاتریہ) کی رہائش گاہ میں 15 مئی کو وزیٹرس روم میں چارجنگ پر لگایا گیا تھا کہ کسی نے سرقہ کرلیا تھا۔ پولیس نے دوران تحقیقات سی سی ٹی وی فٹیج کا تجزیہ کیا اور ملزم کی شناخت کی جو کسی مندر کی یاترا کی غرض سے مرکزی وزیر سے سفارشی مکتوب حاصل کرنے پہونچا تھا اور اس موبائیل کا سرقہ کرلیا تھا۔

بیوی اور دو بچوں کے قتل کے بعد ایک شخص کا اقدام خودکشی
اونگول 31 مئی (پی ٹی آئی) ضلع پرکاشم کے کنیگری منڈل میں ایک 45 سالہ شخص نے اپنی بیوی اور دو کمسن بچوں کو گلا گھونٹ کر ہلاک کرنے کے بعد خودکشی کی کوشش کی جس کی حالت اسپتال میں تشویشناک بتائی گئی ہے۔ ٹی سرینواس ریڈی نے خودکشی نوٹ میں لکھا تھا کہ مالی پریشانیوں اور گھریلو مسائل کے سبب یہ انتہائی اقدام کیا ہے۔