دبئی ٹسٹ: پاکستان 359 پر آوٹ، سری لنکا کو 137 رنزکا ہدف

دبئی 12جنوری (سیاست ڈاٹ کام )دبئی میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے پانچویں دن کھانے کے وقفہ پر سری لنکا نے پاکستان کے خلاف دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان کے 35 رنز بنا لیے۔سری لنکا کو یہ میچ جیتنے کے لیے مزید 102 رنز کی ضرورت ہے اور دوسری اننگز میں اس کی تمام وکٹیں باقی ہیں۔اس سے پہلے پاکستان کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 359 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی اور اس نے سری لنکا کو جیتنے کے لیے 137 رنز کا ہدف دیا تھا۔پاکستان کی جانب سے سرفراز احمد اور سعید اجمل نے پانچویں دن کے کھیل کا آغاز کیا۔پاکستان کو 334 رنز کے مجموعی اسکور پر آٹھواں نقصان اس وقت اٹھانا پڑا جب سرفراز احمد اپنے کل کے اسکور میں صرف چار رنز کا اضافہ کر کے آؤٹ ہو گئے۔

354 رنز کے مجوعی سکور پر پاکستان کی 9ویں وکٹ اس وقت گری جب راحت علی 8رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔پاکستان کی آخری وکٹ 359 رنز پر گری جب سعید اجمل 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔سری لنکا کی جانب سے دوسری اننگز میں کمال نے چار، نووان پردیپ، رنگانا ہیرات اور ارنگا نے دو دو کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔پاکستان کی جانب سے سرفراز احمد اور بلاول بھٹی نے ساتویں وکٹ کی شراکت میں 67 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو مشکل سے نکالنے میں اہم کردار ادا کیا۔اس سے پہلے ہفتہ کو چوتھے دن یونس خان اور مصباح الحق نے اننگز کا آغاز کیا۔پاکستان کی جانب سے مصباح الحق نے دوسری اننگز میں 97 اور یونس خان نے 77 رنز کی اہم اننگز کھیلی۔دونوں بیٹسمینوں نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 129 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی۔اس سے قبل سری لنکن بیٹسمین تیسرے روز ٹیم کے مجموعی اسکور میں صرف 70 رنز کا ہی اضافہ کر سکے اور ٹیم 388 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی۔اس میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی اور پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں 165 رنز بنائے تھے۔ابوظہبی میں پاکستان اور سری لنکا کے مابین کھیلا جانے والا پہلا ٹیسٹ میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گیا تھا۔