دبئی میں 10 منزلہ عمارت کے مساوی بلند ترین کرکٹ بیاٹ

دبئی ۔ 27 جنوری ۔ (سیاست ڈاٹ کام) ایک ایسے وقت جب ورلڈ کپ کرکٹ کا آغاز قریب پہونچ چکا ہے ۔ اس ایونٹ ے فروغ اور کرکٹ کے جشن کیلئے ایک منفرد کرکٹ بیاٹ کی رونمائی عمل میں آئی ہے جو 10 منزلہ عمارت کے مساوی طویل ہے ۔ اس طرح یہ دنیا کی سب سے بڑی کرکٹ بیاٹ کے عالمی ریکارڈ کی حامل ہوسکتی ہے ۔ اس مقصد کے لئے گنیس بک آف ورلڈ ریکارڈ میں اس کو شامل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ 32 میٹر طویل اور 4میٹر چوڑی یہ کرکٹ بیاٹ سرکردہ پے ٹی وی نٹورک کی طرف سے تیار کی گئی ہے جس کو گزشتہ روز دوبئی میں واقع آئی سی سی اکیڈیمی میں نمائش کیلئے رکھا گیا۔ 9 تا 10 منزلہ بلند عمارت کے مساوی طویل اس بیاٹ کا وزن 450 کیلو ہے اور عام معیاری کرکٹ بیاٹ سے 32 گنا طویل ہے ۔ اس بیاٹ کو فرش پر رکھنے کے بعد دیکھا گیا کہ اس کی طوالت وہاں ٹھہری ہوئی سات کاروں کی قطار کے مساوی ہے ۔ بیاٹ بنانے والے او ایس این ٹی وی نٹورک کے چیف مارکٹنگ آفیسر حامد ملک نے کہاکہ ’’ہم کوئی ایسا کام کرنا چاہتے تھے جس کے ذریعہ متحدہ عرب امارات کے شائقین کو اس کھیل کی سرگرمیوں میں شامل کیا جائے نیز انھیں متحدہ عرب امارات کی ٹیم کو کچھ کہنے کا موقع دیا جائے ۔ چنانچہ ہماری سرگرمی اس مقصد پر مرکوز تھی ۔ علاوہ ازیں کرکٹ کے تئیں ہماری دلچسپی اور شوق کا مظاہرہ بھی ایک مقصد تھا‘‘۔ او ایس این ٹی وی نٹورک نے کہا کہ گنیس بُک آف ورلڈ ریکارڈ کے ساتھ ہم آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2015 کا آغاز کررہے ہیں ۔ حامد ملک نے او ایس این ڈی ٹی وی نٹورک میں اسپورٹس اور پروڈکشن شعبہ کے نائب سربراہ رینڈی وارک ہیں، امارات کرکٹ بورڈ کے سی ای او ڈیوڈ ایسٹ ، متحدہ عرب امارات کی قومی کرکٹ ٹیم کے کوچ عاقب جاوید اور سرکردہ کرکٹ کھلاڑیوں کے ساتھ اس حیرت انگیز طویل ترین بیاٹ کو پیش کیا جس کی نمائش اواخر مارچ تک جاری رہے گی ۔ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی مشترکہ میزبانی میں ورلڈ کپ 2015 کا 14 فبروری سے آغاز ہوگا ۔