دبئی میں پہلی ماحولیات دوست مسجد کا افتتاح

دبئی۔ 21 ۔ جولائی (سیاست ڈاٹ کام) متحدہ عرب امارات کے سیاحتی اور عالمی تجارتی مرکز دبئی میں ایک منفرد مسجد کا سنگ بنیاد رکھا گیا ہے۔ یہ مسجد ماحولیات دوست ہو گی۔ اسلامی دنیا میں اس نوعیت کی یہ پہلی مسجد ہے۔ میڈیا کے مطابق دبئی میں عالم اسلام کی پہلی ماحول دوست مسجد کا ڈیزائن اور اس کی تعمیر کے انتظامات اوقاف فاؤنڈیشن برائے پیلس امور کی جانب سے کیے گئے ہیں جبکہ مسجد کی تعمیر میں ایک امریکی گرین بلڈنگ فاؤنڈیشن سے بھی تعاون حاصل کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق دنیا کی پہلی ماحول دوست مسجد کے لیے ایک لاکھ 05 ہزار مربع میٹر قطعہ اراضی مختص کیا گیا ہے جبکہ مسجد 45 ہزار مربع فٹ پر تعمیر کی جائے گی۔ مسجد میں بہ یک وقت 3500 افراد باجماعت نماز ادا کر سکیں گے۔ مسجد کو ماحول دوست بنانے کے لیے شمسی توانائی اور قابل تجدید توانائی کے نظام سے استفادہ کیا جائے گا۔ مسجد کے بیرونی ستونوں کے ساتھ شمسی توانائی کے پینل اور ری چارج ہونے والی بیٹریاں نصب کی جائیں گی جو خودکار طریقے سے مسجد کو بجلی کی سپلائی کے ساتھ پانی کو حسب ضرورت پانی کو گرم اور ٹھنڈا کرنے کے لیے بجلی فراہم کریں گی۔ شمسی توانائی پینل سے حاصل ہونے والی بجلی کی بچت کا نظام متعارف کرایا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے زیادہ وولٹیج صرف کرنے والے بلب اور لائیٹس کے بجائے ’’’انرجی سیور‘‘ استعمال کیے جائیں گے۔ مسجد کی دیگر خصوصیات میں پانی کا کم سے کم استعمال ہو گا۔ وضو گاہ اور باتھ رومز کو فراہم کردہ پانی خودکار طریقے سے نلکوں میں جائے گا اور پریشر کے بجائے پانی اتنا ہی خارج ہو گا جتنا کہ وضو کے لیے ضرورت ہو گی۔