دبئی میں سیارہ مریخ جیسا شہر تعمیر کرنے کا فیصلہ

دبئی۔ 2 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) دبئی میں عظیم الشان اور حیرت انگیز تعمیراتی منصوبوں پر کام جاری رہتا ہے مگر یہ نیا پراجیکٹ بالکل ہٹ کر ہے۔ متحدہ عرب امارات کی حکومت نے اپنے صحرائی خطے میں سیارہ مریخ جیسا ایک شہر تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس کے لیے ایک معروف تعمیراتی کمپنی سے معاہدہ بھی کر لیا ہے۔ یہ اعلان اس وقت سامنے آیا ہے جب اسپیس ایکس کے بانی ایلون مسک نے گزشتہ دنوں کہا تھا کہ ان کی کمپنی مریخ کے لیے روبوٹ پروازیں 2022 جب کہ انسان بردار پروازیں 2024 سے شروع کرے گی۔ یو اے ای کی حکومت 2117 تک مریخ میں ایک شہر کی تشکیل کا ارادہ رکھتی ہے جس کا اعلان رواں سال فروری میں کیا گیا تھا۔ اور یو اے ای کے صحرا میں زمین کے پڑوسی سیارے جیسے ماحول پر مشتمل شہر کی تعمیر اسی کا حصہ ہے جس پر 3 بلین ڈالرس کے مصارف ہوں گے۔ یہ شہر 19 لاکھ اسکوائر فٹ پر پھیلا ہوا ہو گا اور مریخ کی سطح کی مکمل اور حقیقی نقل ہو گا۔ یو اے ای حکومت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس منصوبے کے لیے دنیا بھر سے بہترین سائنسی ذہنوں کو اس کا حصہ بنایا جائے گا اور وہ اس سرخ شہر میں ایک سال تک قیام کر سکیں گے۔