کسانوں کو اراضی کا بھرپور معاوضہ ملے گا، مریال گوڑہ میں یوم جمہوریہ تقریب سے آر ڈی او کا خطاب
مریال گوڑہ /26 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مریال گوڑہ میں 66 واں یوم جمہوریہ تقاریب کا پورے جوش و خروش کے ساتھ انعقاد عمل میں آیا۔ اس مرتبہ یوم جمہوریہ تقاریب نوتشکیل شدہ ریاست تلنگانہ میں منائی گئی۔ یوم جمہوریہ تقاریب مریال گوڑہ کے مختلف سرکاری و غیر سرکاری اداروں، تعلیم گاہوں کے علاوہ تجارتی مراکز میں جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی۔ ملر اسوسی ایشن میں صدر ملر اسوسی ایشن دھنومایا نے ترنگا لہرایا۔ ڈی ایس پی آفس میں ڈی ایس پی جی سندیپ نے، منصف کورٹ میں منصف جج، بلدیہ میں کمشنر محمد فہیم الدین، منڈل آفس میں سدھیر بابو، تحصیل آفس میں ایم کرشنا ریڈی، گورنمنٹ جونیر کالج میں پرنسپل گوپال کرشن، اردو میڈیم ہائی اسکول اسلام پورہ میں صدر مدرس محمد جلیل احمد، آبکاری آفس میں سی آئی کرشنا گوڑ، ون ٹاؤن پولیس اسٹیشن میں سی آئی بھکشا پتی، منیا انجینئرنگ کالج میں چیرمین محمد محمود علی نے ترنگا لہرایا اور سلامی لی۔ مریال گوڑہ آر ڈی او آفس میں آر ڈی او بی کشن راؤ نے ترنگا لہرایا اور سلامی دی۔ انھوں نے مخاطب کرتے ہوئے مریال گوڑہ ڈیویژن میں حکومت کی جانب سے کئے گئے فلاحی و ترقیاتی کاموں پر تفصیلی روشنی ڈالی اور کہا کہ ریاست تلنگانہ کے سب سے بڑے تھرمل پاور پراجکٹ کا ضلع نلگنڈہ کے دامر چرلہ منڈل میں قیام ریاستی حکومت کا سب سے بڑا کارنامہ ہے۔ اس بڑے پراجکٹ کے لئے حکومت نے ساڑھے سات ہزار ایکڑ اراضی کی نشاندہی کرتے ہوئے اس اراضی کو اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔ یہ پراجکٹ 6650 میگاواٹ برقی پیدا کرے گا۔ اس موقع پر ریونیو عہدہ داروں نے گراما سبھا منعقد کرتے ہوئے کسانوں کو تھرمل پاور کے فوائد بتاتے ہوئے کہا کہ جن کسانوں کی اراضیات کو حکومت نے حاصل کیا ہے، ان تمام کسانوں کو بھرپور معاوضہ کے علاوہ روزگار کے مواقع فراہم حاصل ہوں گے۔ ان تمام عہدہ داروں کو آر ڈی او نے مبارکباد دی۔ انھوں نے کہا کہ اس تھرمل پراجکٹ کے لئے 21 محکمہ جات کی ٹیموں نے حصہ لیا اور انتہائی مختصر مدت میں سروے کے کام کو مکمل کیا۔ انھوں نے این ایف بی ایس کے تحت گھر کے ذمہ دار کی اچانک موت پر دی جانے والی دس ہزار کی رقم کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس کے تحت 96 خاندانوں کو فی کس دس ہزار روپئے کے حساب سے جملہ 9 لاکھ ساٹھ ہزار روپئے ادا کئے۔ اس کے علاوہ مریال گوڑہ ڈیویژن میں غریب و مستحق کسانوں کو فی کس تین ایکڑ اراضی فراہم کرنے کے لئے نڈمانور میں 62 ایکڑ، ہالیہ میں 65 ایکڑ، دامر چرلہ میں 60 ایکڑ کے علاوہ 45 ایکڑ نیرڈ چرلہ منڈل میں نشاندہی کی گئی۔ اس کے علاوہ فوڈ سیکورٹی کے تحت تمام غریب اور مستحق افراد کو فی کس 6 کیلو چاول کی سربراہی کو یقینی بنایا جا رہا ہے، جو حکومت کا ایک بہت بڑا کارنامہ ہے۔ اس یوم جمہوریہ تقریب میں مریال گوڑہ رکن اسمبلی این بھاسکر راؤ، بلدیہ چیرمین ٹی ناگا لکشمی بھارگو، وائس چیرمین بلدیہ محمد مخدوم پاشاہ، سابق رکن اسمبلی ٹی وجے سمہا ریڈی، کانگریس ٹاؤن صدر بھارگو، اراکین بلدیہ محمد الیاس، محمد ماجد، محمد عبد القادر، نواب کے علاوہ مختلف سیاسی پارٹیوں کے قائدین و کارکنوں و دوسری تنظیموں کے سربراہ موجود تھے۔ اس کے علاوہ مریال گوڑہ ڈیویژن کے حضؤر نگر، ہالیہ، نڈمانور، نیرڈ چرلہ، پترا رام، مٹم پلی، گڈ ڈابلی، ناگرجنا ساگر میں بھی یوم جمہوریہ تقریب پورے جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی۔