حیدرآباد۔/5جولائی، ( سیاست نیوز) بیوی کے کردار پر شبہ اور ناجائز تعلقات کے الزامات کے بعد ایک شخص نے اپنے خسر کا بے رحمانہ انداز میں قتل کردیا۔ اپنے ساتھیوں کی مدد سے آنند نے مبینہ طور پر اپنے خسر 49سالہ منوہر سنگھ کا بے رحمانہ انداز میں قتل کردیا۔ یہ واقعہ کلثوم پورہ پولیس حدود میں پیش آیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق منوہر سنگھ جو ایس بی ایچ میں اٹینڈر تھا، ضیاء گوڑہ علاقہ میں رہتا تھا۔ اس نے اپنی بیٹی آرتی کی شادی دیڑھ سال قبل آنند نامی شخص سے کی تھی اور شادی کے چند روز بعد آنند اپنی بیوی پر شک کرنے لگا اور اس پر ناجائز تعلقات کے الزامات بھی لگاتا رہتا تھا۔ ان الزامات اور شکوک و شبہات کو دیکھتے ہوئے آرتی اپنے مائیکے آئی تھی جس کے بعد مسئلہ کورٹ کچہری بھی گیا اور اس خصوص میں کلثوم پورہ میں ایک مقدمہ درج ہے۔ جس کے بعد آنند اپنی بیوی اور خسر پر کیس کو حل کرنے کیلئے دباؤ ڈال رہا تھا اور خسر اس بات سے متفق نہیں تھا۔ خسر کی اس حرکت پر برہم آنند نے منوہر سنگھ پر ساتھیوں کے ہمراہ مبینہ طور پر ہتھیاروں سے حملہ کرتے ہوئے اسے ہلاک کردیا۔پولیس مصروف تحقیقات ہے۔