بغداد ۔ 27 ۔ مئی (سیاست ڈاٹ کام) اسلامک اسٹیٹ (داعش) نے عراق کے مغربی صوبہ انبار میں عراقی سپاہیوں کو آج متعدد خودکش حملوں کا نشانہ بنایا ہے جس کے نتیجہ میں کم سے کم 17 سپاہی ہلاک ہوگئے جس سے اس علاقہ پر سرگرم جہادیوں کو بیدخل کرنے حکومت کی جاریہ کوششوں کو زبردست دھکا پہنچا۔ انبار میں آئی اے ایس گروپ کے زیر کنٹرول علاقوں میں دوبارہ قبضہ کیلئے بڑے پیمانہ پر کارروائی کے آغاز سے متعلق حکومت عراق کے اعلان کے چند گھنٹوں بعد کی خودکش حملوں کی لہر دیکھی گئی۔ بریگیڈیئر جنرل سعد معاؤ ابراہیم نے جو مشترکہ فوجی کمانڈ کے ترجمان بھی ہیں ، کہا کہ داعش کے زیر کنٹرول شہر پلوجا کے مضافات میں یہ حملے کئے گئے۔