بغداد۔22 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) شام کے تیل کی دولت سے مالامال علاقے دیرالزور پر داعش کا مکمل قبضہ ہے۔ دولت اسلامی (داعش) سے تعلق رکھنے والے جنگجوؤں نے اپنے زیر قبضہ شام کے کنووں سے تیل اور مائع گیس کی پیداوار کو سرحد پار عراق کی کاروباری شخصیات کو فروخت کرنا شروع کردیا ہے۔داعش کے جنگجوؤں نے شام کے مشرقی صوبے دیر الزور سمیت بڑے علاقے پر قبضہ کررکھا ہے۔اس کے علاوہ عراق کے پانچ صوبوں سے سرکاری سکیورٹی فورسز کو نکال باہر کر نے کے بعد وہاں اپنی عمل داری قائم کرلی ہے۔برطانیہ میں قائم شامی آبزرویٹری برائے انسانی حقوق نے اطلاع دی ہے کہ گذشتہ چند روز سے عراق کی نمبر پلیٹوں والے ٹرک دیرالزور میں واقع تیل کے کنووں پر آرہے ہیں اور یہاں سے ان پر تیل لاد کر انھیں مغربی عراق کی جانب بھیجا جارہا ہے۔