عمان ، 23 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) اردن نے امریکہ کی قیادت میں شدت پسند تنظیم داعش کے خلاف جنگ میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے۔ اس فیصلے کے تحت اردنی فضائیہ شام میں داعش کے ٹھکانوں پر بمباری کرے گی تاکہ دہشت گردوں کو ان کے مراکز میں تباہ کیا جا سکے۔ میڈیا کے مطابق اردنی وزیر مملکت برائے اطلاعات اور حکومتی ترجمان محمد المومنی نے نیوز ایجنسی اے ایف پی کو ایک انٹرویو میں بتایا کہ ان کا ملک دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عالمی برادری کے ساتھ ہے اور دولت اسلامیہ عراق وشام کے خلاف شام میں فضائی کارروائی میں ان کی فوج حصہ لے گی۔ قبل ازیں ایک امریکی عہدیدار نے اپنا شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر برطانوی خبر رساں ادارہ رائیٹرز کو بتایا کہ شام میں داعش کے ٹھکانوں پر حملوں کیلئے انہیں کئی عرب دوست ممالک بھی بھرپور معاونت فراہم کریں گے۔
خیال رہے کہ اردن کی جانب سے شام میں فضائی کارروائی میں معاونت کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکہ اور اس کے یورپی اتحادی شام اور عراق میں داعش کے خلاف بھرپور کارروائی کیلئے پرتول رہے ہیں۔ دریں اثناء شامی اپوزیشن نے امریکہ اور دوسرے ممالک کی جانب سے شدت پسند گروپ دولت اسلامی کے خلاف اعلان جنگ کا خیر مقدم کیا ہے لیکن ساتھ ہی مطالبہ کیا ہے کہ عالمی برادری کی توجہ صرف داعش کی سرکوبی تک محدود نہیں ہونی چاہیے بلکہ اسے صدر بشارالاسد پر دباؤ ڈالنے کا سلسلہ جاری رکھنا چاہیے۔