داعش کا رمادی کے قریب عراقی فوجی اڈے پر حملہ

بغداد ۔ 2 جنوری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام)  دولت اسلامیہ (داعش) نے رمادی کے قریب عراقی فوج کے اڈے پر پھر دھاوا بول دیا، عراقی فوجی اڈے پر بارود سے بھری گاڑیاں چڑھا دیں گئیں جبکہ عراق کے وزیراعظم نے کہا ہے کہ دوسرے مرحلے میں عراقی افواج موصل شہر کو دولتِ اسلامیہ کے قبضے سے خالی کروائے گی۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ نے عراقی صوبے انبار کے شہر رمادی کے قریب عراقی افواج کے اڈے پر حملہ کیا ہے۔رمادی کو چند روز قبلِ دولتِ اسلامیہ کے قبضے سے خالی کروایا گیا تھا۔ فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اس حملے میں شدت پسندوں نے کار بم دھماکے کیے ہیں اور انھوں نے خودکش جیکٹس پہن رکھی تھیں۔ عراقی افواج نے امریکہ اور اتحادی افواج کے تعاون سے بھرپور جوابی کارروائی کی ہے۔ گذشتہ اتوار کو عراقی حکام نے رمادی پر دوبارہ کنٹرول حاصل کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔ دولتِ اسلامیہ نے گذشتہ سال مئی میں رمادی پر قبضہ کیا تھا۔ رمادی پر عراقی افواج کے کنٹرول کے بعد فوجی اڈے پر شدت پسندوں کے حملے کو بڑا حملہ تصور کیا جا رہا ہے۔ عراقی وزیراعظم نے کہا تھا کہ ان کی حکومت دولتِ اسلامیہ کو بھرپور شکست دے گی۔