داعش کا برطانیہ پر بڑے حملے کا منصوبہ :ایم آئی 5 سربراہ

لندن۔ 30 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) ایم آئی5کے سربراہ نے متنبہ کیا ہے کہ داعش برطانیہ پر بڑے حملے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے اور ملک میں پروان چڑھائے گئے جہادیوں سے ملک کو سب سے زیادہ خطرات ہیں جس کی وجہ سے داعش سے لاحق خطرات میں کمی کے کوئی آثار نہیں ہیں، ایم آئی 5کے سربراہ اینڈریو پارکر نے کہا کہ برطانیہ کو دہشت گردوں سے لاحق خطرات کے حوالے سے پانی سر سے اوپر نہیں پہنچنے دیا جانا چاہئے اور قتل و غارت گری اور نقصانات سے بچنے اور ان کو روکنے کیلئے مشتبہ افراد اور ان کے درمیان مواصلات کی نگرانی کے اختیارات بہت اہمیت رکھتے ہیں۔ انھوں نے پہلی مرتبہ کھلے عام یہ اعتراف کیا کہ ایم آئی5دہشت گردوں کے درمیان رابطوں کو توڑنے کیلئے دہشت گردوں کے نیٹ ورکس کے کمپیوٹر ہیک کرتی ہے۔ لندن کے لارڈ میئر کے سالانہ دفاع اور سلامتی سے متعلق لیکچر کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ خطرات کی موجودہ سطح میرے 32سالہ دور ملازمت میں سب سے زیادہ ہے، انھوں نے بتایا کہ گزشتہ 12 ماہ کے دوران ایم آئی 5 برطانیہ میں قتل و غارت گری کے 6اور بیرون ملک ایسے منصوبے ناکام بنا چکی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ایجنسی نے اپنے80فیصد وسائل شام اور عراق میں موجود داعش کی جانب سے دہشت گردی روکنے کے کام پر لگادی ہے، انھوں نے بتایا کہ 750سے زیادہ دہشت گرد برطانیہ سے شام جاچکے ہیں اور دہشت گردی کے خطرات میں اضافہ میں کمی کے کوئی آثار نظر نہیں آتے۔ انھوں نے کہا کہ شام سے برطانیہ میں دہشت گردی کیلئے ہدایات جاری کی جا رہی ہیں اور اس کی صلاحیت آن لائن پر داعش کی جانب سے استحصال کی جدید ترین ٹیکنالوجی کے ذریعے حاصل کی جاتی ہے۔