صنعاء 3 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) شدت پسند تنظیم دولت اسلامی عراق وشام "داعش ” نے کل چہارشنبہ کے روز یمن کے صدر مقام صنعاء میں دو سلسلہ وار بم دھماکوں کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ صنعاء میں ہونے والے ان بم حملوں میں کم سے کم 20 حوثی جنگجو ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔میڈیا ذرائع کے مطابق داعش کی جانب سے ٹوئٹر پر جاری ایک بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ شمالی صنعاء میں چہارشنبہ کے روز الجراف کالونی کی مسجد الموید میں دھماکے تنظیم کے دو خود کش بمباروں نے کئے ہیں جس کے نتیجہ میں 20حوثی ہلاک ہوگئے ہیں۔خیال رہے کہ شمالی صنعاء میں حوثی شیعہ مسلک کی ایک جامع مسجد میں دو خود کش حملوں کے نتیجے میں مسجد کو بھی نقصان پہنچا ہے۔