عبداللہ باسط کی ضمانت منسوخ کرنے درخواست مسترد
حیدرآباد۔ 6 اگست (سیاست نیوز) نامپلی میٹرو پولیٹن کورٹس نے اسپیشل انوسٹی گیشن ٹیم (ایس آئی ٹی) کی اس درخواست کو مسترد کردیا جس میں عبداللہ باسط کی ضمانت کو منسوخ کرنے کی اپیل کی گئی تھی۔ داعش سے ہنوز مبینہ رابطہ کا دعویٰ کرنے والے ایک مبینہ انٹرویو کو نئے خانگی ٹی وی چیانل نے 10 مئی کو ٹیلی کاسٹ کیا تھا جس کے بعد اسپیشل انوسٹی گیشن ٹیم نے عبداللہ باسط کے علاوہ حنان قریشی اور سلمان محی الدین قادری کے خلاف ملک سے جنگ چھیڑنے اور سازش کا ایک مقدمہ درج کیا تھا۔ ایس آئی ٹی نے عبداللہ باسط کی سابقہ کیس میں دی گئی ضمانت کو منسوخ کرنے کی درخواست داخل کی تھی، جس پر ایڈوکیٹ ایم اے عظیم نے عدالت میں بحث کرتے ہوئے استدلال پیش کیا کہ ان کے موکل کے انٹرویوز جو خانگی ٹی وی چیانل پر نشر کئے گئے ہیں، بے بنیاد اور جھوٹے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ عبداللہ باسط سابقہ کیس میں دی گئی مشروط ضمانت کے مطابق ہر ہفتہ ایس آئی ٹی کے دفتر پہنچ کر اپنی حاضری دے رہے ہیں۔ خانگی ٹی وی چیانل کی جانب سے دکھائے گئے انٹرویو اس لئے جھوٹے ہیں چونکہ ویڈیوز سے چھیڑ چھاڑ کی گئی اور اسے توڑ مروڑ ٹی وی پیش کیا گیا ہے۔ میٹرو پولیٹن سیشن کورٹ نے سرکاری وکیل اور وکیل دفاع کی بحث کے بعد ایس آئی ٹی کی درخواست کو خارج کردیا۔ واضح رہے کہ عبداللہ باسط ، معاذ حسن فاروقی اور سید عمر فاروق حسینی کے خلاف ایس آئی ٹی نے ڈسمبر 2015ء میں اس وقت گرفتار کیا تھا جب وہ مبینہ طور پر داعش میں شمولیت کے لئے ناگپور ایرپورٹ سے شام جانے کی کوشش کررہے تھے۔ نامپلی کورٹ کی جانب سے ایس آئی ٹی کی درخواست کو خارج کئے جانے کے نوجوانوں نے راحت کی سانس لی۔ واضح رہے کہ خانگی ٹی وی چیانل ہنوز ایس آئی ٹی پولیس کو تحقیقات کے سلسلے میں انٹرویوز کے حقیقی ویڈیوز فراہم کرنے سے قاصر ہے۔