داعش سے فوجی اور سیاسی مقابلہ کیا جائے

قاہرہ ۔ /7 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) عرب لیگ سربراہ نبیل العربی نے داعش اور دیگر دہشت گردوں سے فوجی و سیاسی طور پر نمٹنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ یہ عرب ممالک کے وجود کے لئے خطرہ ہیں۔ انہوں نے عرب وزرائے خارجہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ داعش اور دیگر دہشت گردوں سے مؤثر طور پر مقابلے ، فوجی اور سیاسی انداز میں نمٹنے کیلئے واضح فیصلہ سازی کی ضرورت ہے ۔ یہ اجلاس ایسے وقت منعقد ہوا جبکہ ایک دن قبل نبیل العربی نے امریکی سکریٹری آف اسٹیٹ جان کیری سے ملاقات کی تھی ۔ عرب لیگ کے ایک سفارت کار نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وزرائے خارجہ داعش سے نمٹنے کے سلسلے میں قرارداد کی منظوری پر غور کررہے ہیں ۔ یہ قرارداد امریکہ کے ساتھ باہم رابطہ برقرار رکھتے ہوئے دہشت گرد تنظیم سے محاذ آرائی کے سلسلے میں ہوگی۔ عراق نے پہلے ہی صدر امریکہ بارک اوباما کے اس منصوبہ کا خیرمقدم کیا ہے کہ جہادیوں کے خلاف بین الاقوامی اتحاد ضروری ہے تاکہ طاقتور پیام پہونچایا جاسکے ۔

داعش کے خلاف منصوبہ کا چہارشنبہ کو اعلان :اوباما
واشنگٹن ۔ /7 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) صدر امریکہ بارک اوباما داعش سے نمٹنے اور اسے فیصلہ کن شکست دینے کیلئے اپنے منصوبہ کا چہارشنبہ کو اعلان کریں گے ۔ لیکن انہوں نے خبردار کیا کہ وہ عراق میں ایک اور جنگ شروع کرنے نہیں جارہے ہیں ۔ انہوں نے این بی سی کے صحافت سے ملاقات پروگرام میں کہا کہ وہ ملک کو تیار کررہے ہیں تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ آئی ایس آئی ایل کے خطرے کو ختم کیا جائے ۔ وہ چہارشنبہ کو اپنی تقریر میں آئندہ کے منصوبے کا اعلان کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ اعلان امریکی زمینی فوج کے بارے میں نہیں ہوگا اور یہ عراق جنگ کے مماثل جنگ نہیں ہوگی ۔