آشنا سے جھگڑے کے بعد انتہائی اقدام ‘راجندر نگر پولیس مصروف تحقیقات
حیدرآباد 24 جولائی (سیاست نیوز) بیوی کو چھوڑنے کے بعد داشتہ کی بے وفائی سے دلبرداشتہ ایک شخص نے خودکشی کرلی۔ یہ واقعہ راجندر نگر پولیس حدود میں پیش آیا جہاں 30 سالہ ملیش نے انتہائی اقدام کرتے ہوئے زہریلی شئے کا استعمال کرتے ہوئے خودکشی کرلیا۔ یہ شخص چنتل میٹ علاقہ کا ساکن تھا اس کی شادی 10 سال قبل گیتا نامی خاتون سے ہوئی تھی تاہم چند عرصہ قبل گیتا نے اس کے خلاف مقدمہ درج کروادیا تھا اور اس نے بیوی سے علحدگی اختیار کرلی تھی۔ ملیش کے مادھوی نامی خاتون سے نا جائز تعلقات قائم ہوچکے تھے اور اس نے اس خاتون کی خاطر اپنی بیوی سے دوری اختیار کرلی تھی اور اس کی بیوی نے اس کے خلاف قانونی کارروائی کی تھی۔ بتایا جاتا ہے کہ گذشتہ روز ملیش اور اس کی داشتہ مادھوی کے درمیان بحث و تکرار ہوئی جو جھگڑے کی شکل اختیار کرگئی ۔ آشنا سے جھگڑے کے بعد مادھوی نے اسے اپنے مکان سے باہر کرتے ہوئے دروازہ بند کرلیا تھا تاہم ملیش کے کافی اصرار کے باوجود اس نے دروازہ نہیں کھولا اپنی داشتہ کو منانے کیلئے ملیش نے زہریلی شئے کا استعمال کرتے ہوئے خودکشی کی دھمکی دی تاہم یہ دھمکی بھی مادھوی پر اثر انداز نہ ہوسکی جس کے بعد ملیش نے بدویل علاقہ کا رخ کیا اور اسی علاقہ میں نا معلوم زہریلی شئے کا استعمال کرتے ہوئے خودکشی کرلیا ۔ راجندر نگر پولیس نے اس واقعہ کی یہ تفصیلات بتائی اور مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے ۔