داخلی سلامتی بڑا چیلنج ‘ پولیس کو موثر رول ادا کرنے کی ضرورت

پولیس اکیڈیمی میں 67 آئی پی ایس عہدیداروں کی پاسنگ آوٹ پریڈ ‘ مشیر قومی سلامتی اے کے ڈوول کا خطاب

حیدرآباد ۔ /31 اکٹوبر (سیاست نیوز) ہندوستان کیلئے داخلی سلامتی ایک چیالنج ہے اور آنے والے دنوں میں پولیس کو اپنا رول مزید موثر بنانا ہوگا ۔ قومی سلامتی مشیر مسٹر اے کے ڈوول نے 67 انڈین پولیس سرویس عہدیداروں کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بغیر داخلی سلامتی کے ملک عالمی طاقت نہیں بن سکتا ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں ایسے کئی ممالک ہیں جو داخلی سلامتی کمزور ہونے کے سبب کئی مسائل کا شکار ہوچکے ہیں اور عالمی جنگ عظیم کے بعد 37 ملک متاثر ہوئے جن میں 28 داخلی سلامتی کے مسائل سے دوچار ہیں اور پاکستان بھی اسی قسم کے مسائل سے متاثر ہے ۔ مسٹر ڈوول نے کہا کہ موجودہ دور کی جنگ بالکل الگ نوعیت کی ہے ۔ اسے فورتھ جنریشن ( چوتھی نسل ) کی جنگ کہاجاسکتا ہے اور یہ کئی پیچیدگیوں کی حامل ہے ۔ یہ جنگ فوج سے نہیں لڑی جائے گی جبکہ پولیس کو اس جنگ میں اہم رول ادا کرنا ہوگا چونکہ سیول سوسائیٹی اس جنگ سے بے حد متاثر ہے ۔ اب پولیس کو جنگ لڑنا ہوگا اور اس میں کامیابی حاصل کرنی ہوگی ۔ قومی سلامتی مشیر نے کہا کہ اب دشمن کھل کر وار نہیں کرتا بلکہ کئی طریقے کار اختیار کرکے داخلی سلامتی کو خطرہ پہونچا سکتا ہے جس سے نمٹنے کیلئے پولیس عہدیداروں کو چوکس رہنا ہوگا ۔ مسٹر ڈوول نے بتایا کہ پولیس کو کئی قسم کی مہارتیں حاصل کرنی ہوگی جس میں سائبر سکیورٹی ، بینک فراڈ اور دیگر جرائم شامل ہیں ۔ انہوںنے ٹرینی آئی پی ایس عہدیداروں کو مشورہ دیا کہ وہ خود کو اتنا مضبوط کریں کہ وہ آئندہ دنوں میں پیش آنے والے تنازعات و چیلنجس سے نمٹ سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ انڈین پولیس سرویس کا عہدیدار خود کو ایک برانڈ کے طور پر پیش کرے اور مستقبل کیلئے خود کو جسمانی طور پر چست رکھیں چونکہ صحت مند پولیس عہدیدار چاق و چوبند ڈیوٹی انجام دے سکتا ہے ۔ مسٹر ڈوول نے کہا کہ انہیں نیشنل پولیس اکیڈیمی میں تربیت حاصل کرنے والے 141 آئی پی ایس پولیس عہدیداروں پر رشک ہے جنہوں نے 46 ہفتوں کی بڑی مشقت والی تربیت حاصل کی ہے ۔ مسٹر ڈوول نے اپنے خطاب میں کہا کہ ملک میں آئی پی ایس عہدیدار ایمانداری کیلئے جانے جاتے ہیں اور اس رتبہ کی شان برقرار رکھنے میں ہرممکن کوشش کریں ۔ انہوں نے کہا کہ /31 اکٹوبر جو ملک کے پہلے وزیر داخلہ سردار ولبھ بھائی پٹیل کی یوم پیدائش کا دن ہے اور ہندوستان کی تاریخ میں یہ دن اہم مانا جاتا ہے ۔ اس موقع پر ڈائرکٹر نیشنل پولیس اکیڈیمی شریمتی ارونا بہوگنا نے اپنے خطاب میں کہا کہ سردار ولبھ بھائی پٹیل نیشنل پولیس اکیڈیمی دنیا میں منفرد پولیس اکیڈیمی ہے اور یہاں پر پولیس عہدیداروں کو مکمل تربیت دی جاتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 67 آئی پی ایس عہدیداروں کے بیاچ میں 28 خاتون آئی پی ایس عہدیدار بھی شامل ہیں اور رائل بھوٹان ، مالدیپ اور نیپال سے تعلق رکھنے والے پولیس عہدیداروں کو بھی تربیت فراہم کی گئی ہے ۔ اس موقع پر کئی ریاستوں کے ڈائرکٹر س جنرل آف پولیس بھی موجود تھے ۔