کراچی ۔2 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) اسپنرز یاسرشاہ اور زوہیب خان کی شاندار بولنگ جبکہ فخر زمان کی سنچری کی بدولت خیبرپختونخوا نے پنجاب کو 151 رنز کے واضح فرق سے شکست دیکر پاکستان کپ ونڈے ٹورنمنٹ جیت لیا۔312 کا نشانہ پنجاب کی ٹیم کیلئے پہاڑ ثابت ہوا اور پوری ٹیم 36.1اوورز میں 160 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ یاسر شاہ نے 26 اور زوہیب خان نے 23 رنز دے کر فی کس تین وکٹ حاصل کی۔ فخر زمان کو سنچری اسکور کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ ٹورنمنٹ کے بہترین بولر محمد عامر اور زوہیب خان جبکہ بہترین بیٹسمین احمد شہزاد قرار پائے۔ فاتح ٹیم بیس لاکھ روپے کی حقدار ٹہری۔ فائنل میں 312رنز کے ہدف کے تعاقب میں پنجاب کی اننگز کا آغاز اچھا نہ ہوسکا۔20اوورز میں 97رنز پر نصف ٹیم پویلین لوٹ گئی۔ کپتان شعیب ملک نے24رنز بنائے اور محمد رضوان کے ساتھ پانچویں وکٹ پر42رنز کا اضافہ کیا۔ شان مسعود36، سلمان بٹ صفر، عامر یامین ایک ، اسد شفیق 16رنز بناکر آوٹ ہوئے۔ محمد رضوان 22رنز بناکر زوہیب خان کا شکار بنے۔