لنگم پیٹ میں خونخوار جانور کو زندہ پکڑنے میں سرکاری مشنری ناکام
یلاریڈی ۔ 26مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) منڈل لنگم پیٹ کے ایکاپلی تانڈا شیوار میں 15 ایکڑ پر پھیلی مکئی کی فصل والے کھیت میں گذشتہ دو دنوں سے خونخوار جانور چیتا گھس کر عوام میں خوف و دہشت پھیلا دی تھی جس پر سرکاری تمام مشنری متحرک ہوکر اسے پکڑنے کیلئے ہر ممکنہ کوشش کرتے رہے لیکن ناکامی ہی ہاتھ آئی اور خونخوار چیتا مردہ حالت میں ہاتھ آنے کا عہدیداروں نے جواب دیا ہے ۔ چیتا بیمار ہونے کی وجہ سے ہی فوت ہوا بتایا گیا ۔ اس چیتا کو پکڑنے کیلئے محکمہ صحراء عملہ نے تمام تیاری کی تھی اور یلاریڈی ایف آر او مسٹر رادھا کشن ‘ میدک ڈی ایف او شریمتی پدماجا رانی اور حیدرآباد کے نہرو زوالوجیکل پارک اے ڈی ڈاکٹر عبدالحکیم اپنے عملہ کے ساتھ تلاش میں لگے رہے ۔ 40 افراد پر مشتمل عملہ کی کوشش کے باوجود 36 گھنٹوں میں چیتا پکڑا نہ گیا اور عہدیداروں نے ہاتھ اٹھا لئے ‘ آخر کار آج صبح کیچڑ میں چیتا مردہ حالت میں دستیاب ہوا ۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ یہ بیمار ہوکر فوت ہوا ۔ دو دنوں سے جو جیتا عہدیداروں کی ناک میں دم کر رکھا تھا ملا بھی تو مردہ حالت میں ۔ سرکاری ٹیم کی غیر معمولی کوشش کے باوجود جنگل کے تیز رفتار جانور چیتا بھوک و بیماری کے سبب فوت ہوگیا ۔ متعلقہ عہدیداروں کی اس ناکامی پرجانوروں کے عدم تحفظ کا ضرور احساس ہوتا ہے ۔ ویسے عوام نے اس خونخوار جانور کے فوت ہونے سے راحت کی سانس لی جو گذشتہ دو دنوں سے تانڈا کی عوام خوف کے سائے میں اپنی زندگی بسر کررہے تھے ۔