خوف و دہشت پھیلانے والا تیندوا فوت

لنگم پیٹ میں خونخوار جانور کو زندہ پکڑنے میں سرکاری مشنری ناکام
یلاریڈی ۔ 26مارچ ( سیاست نیوز) نظام آباد کے منڈل لنگم پیٹ کے ایکاپلی تانڈا شیوار میں 15 ایکڑ پر پھیلی مکئی کی فصل والے کھیت میں گذشتہ دو دنوں سے خونخوار جانور تیندوا گھس کر عوام میں خوف و دہشت پھیلا دیا تھا جس پر سرکاری تمام مشنری متحرک ہوکر اسے پکڑنے کیلئے ہر ممکنہ کوشش کرتی رہی لیکن ناکامی ہی ہاتھ آئی اور خونخوار تیندوا مردہ حالت میں ہاتھ آنے کا عہدیداروں نے جواب دیا ہے ۔ تیندوا بیمار ہونے کی وجہ سے ہی فوت ہوا بتایا گیا ۔ اس تیندوا کو پکڑنے کیلئے محکمہ صحراء عملہ نے تمام تیاری کی تھی اور یلاریڈی ایف آر او مسٹر رادھا کشن ‘ میدک ڈی ایف او شریمتی پدماجا رانی اور حیدرآباد کے نہرو زوالوجیکل پارک اے ڈی ڈاکٹر عبدالحکیم اپنے عملہ کے ساتھ تلاش میں لگے رہے ۔ 40 افراد پر مشتمل عملہ کی کوشش کے باوجود 36 گھنٹوں میں تیندوا پکڑا نہ گیا اور عہدیداروں نے ہاتھ اٹھا لئے ‘ آخر کار آج صبح کیچڑ میں تیندوا مردہ حالت میں دستیاب ہوا ۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ یہ بیمار ہوکر فوت ہوا ۔ دو دنوں سے جوتیندوا عہدیداروں کی ناک میں دم کر رکھا تھا ملا بھی تو مردہ حالت میں ۔ سرکاری ٹیم کی غیر معمولی کوشش کے باوجود جنگل کے تیز رفتار جانور چیتا بھوک و بیماری کے سبب فوت ہوگیا ۔ متعلقہ عہدیداروں کی اس ناکامی پرجانوروں کے عدم تحفظ کا ضرور احساس ہوتا ہے ۔ ویسے عوام نے اس خونخوار جانور کے فوت ہونے سے راحت کی سانس لی جو گذشتہ دو دنوں سے تانڈا کی عوام خوف کے سائے میں اپنی زندگی بسر کررہے تھے ۔