خوف خدا سے ہی سماجی برائیوں کا خاتمہ ممکن

جگتیال۔21جنوری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سکریٹری شعبہ نشرو اشاعت جناب شیخ اسحاق علی کے بموجب جماعت اسلامی ہند جگتیال کی جانب سے رائل فنکشن ہال پر غیر مسلم برادران وطن کیلئے خطاب عام بعنوان ’’ سماجی برائیاں اور ان کا حل ‘‘ منعقد کیا گیا ۔ صدارت جناب محمد شعیب الحق طارقؔ امیر مقامی نے کی ۔ مہمانان خصوصی کی حیثیت سے ٹی جیون ریڈی ایم ایل اے ‘ ڈاکٹر بی شنکر ‘ جناب عبدالحئی شعیب لطیف ناظم ضلع جماعت اسلامی ہند کریم نگر ‘ سرسلہ راجندر شرما پرنسپل وانی کالج ‘جناب سرسلہ سرینواس ‘ مسٹر سی پلی رویندر صدر بی جے پی جگتیال ‘ گری ناگابھوشنم سابق میونسپل چیرمین نے شرکت کی ۔ پروگرام کا آغاز جناب حافظ زبیر خان کی قرات سے ہوا اور تلگو ترجمہ جناب محمود علی صاحب نے سنایا ۔ مہمان مقرر سرسلہ راجندر شرما ‘ ڈاکٹر بی شنکر اور ٹی جیون ریڈی ایم ایل اے جگتیال نے شرکاء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہر مذہب سچائی اور نیکی ہی کی تلقین کرتا ہے جس کو ماننے والے اپنے مذہب کی تعلیمات پر عمل پیرا نہ ہونے کی وجہ سے سماج میں مختلف برائیاں جنم لے رہی ہیں ۔ مہمان مقرر جناب محمد رفیق سکریٹری شعبہ دعوت جماعت اسلامی ہند حلقہ آندھراپردیش و اڑیسہ نے بزبان تلگو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ اگرچیکہ ہمارا ملک ہندوستان پوری دنیا میں مذہبی ‘ سماجی ‘ تہذیبی اور اخلاقی اعتبار سے اپنی ایک الگ پہچان رکھتا ہے لیکن مغربی تہذیب کی اندھی تقلید ‘ سائنس وٹکنالوجی کا غلط استعمال ‘ مادہ پرستی اور مذہب بیزاری کی وجہ سے مختلف سماجی برائیوں کی آماجگاہ بن چکا ہے ۔ یہاں آج رشوت ‘ ناانصافی ‘ عریانیت و فحاشی ‘ عصمت ریزی‘ شراب نوشی اور خود غرضی عام ہوچکی ہے ۔ ان ساری برائیوں کی جڑ اور وجہ صرف اور صرف مذہب سے دوری ہے ۔ کوئی قانون ایسا نہیں بن سکا جو انسان کو ان برائیوں سے دور کرسکے ۔ صرف خوف خدا اور جوابدہی کا احساس پیدا کر کے ہی برائیوں کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے مختلف مذاہب کی کتابوں جیسے بھگوت گیتا‘ بائبل اور قرآن کے حوالوں سے وحدانیت اور تصور آخرت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ آج سماج کے لوگوں میں مذہب کا شعور بیدار کرنے کی ضرورت ہے ۔ مذہبی تعلیمات پر عمل آوری اور خداپرستی ہی سماجی برائیوں کا خاتمہ کرسکتی ہے ۔ ہم سب ان برائیوں کو روکنے اور سماج میں اچھائی کو فروغ دینے کیلئے جدوجہد کریں ۔ جماعت اسلامی ہند یہی پیغام انسانیت تک پہنچا رہے ہیں۔ پروگرام کی کارروائی جناب محمد سعید الدین قمر نے چلائی اور شکریہ ادا کیا ۔ اس پروگرام میں مسلم و غیر مسلم افراد کی ایک کثیر تعداد شریک تھی ۔