خوشگوار زندگی پر حسد ، دوست کے ہاتھوں دوست کا قتل

متوفی نے بیوی کو واقعہ سنانے کے بعد ہاسپٹل میں علاج کے دوران فوت
حیدرآباد ۔ 3 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : ایک شخص کو اپنے ساتھی کی خوشحال زندگی گوارہ نہ تھی ۔ اس کی سخت محنت و جستجو اس ساتھی کو پسند نہیں تھی ۔ اس وجہ سے اس نے اپنے ساتھی کو ہلاک کردیا ۔ یہ واقعہ سائبر آباد پولیس کمشنریٹ کے حدود میڑپلی پولیس حدود میں پیش آیا ۔ جہاں 35 سالہ شیخ عبدالقدیر کا اس کے ساتھی جعفر نے مبینہ طور پر قتل کردیا ۔ یہ بات میڑپلی پولیس نے بتائی ۔ پولیس کے مطابق عبدالقدیر جو پیشہ سے پینٹر تھا ۔ گھٹکیسر علاقہ میں رہتا تھا ۔ عبدالقدیر اپنی محنت اور کاروبار کے سبب خوشحال زندگی بسر کررہا تھا ۔ پولیس نے یہ بات بتائی ۔ اس دوران جعفر کو اس کی ترقی دیکھی نہیں گئی اور اس نے اپنے ساتھی کو ختم کرنے کا منصوبہ تیار کرلیا ۔ جعفر شدید حسد کا شکار تھا اور اس نے اپنے منصوبے کے تحت عبدالقدیر کو طلب کیا اور اس کے ساتھی پارٹی کی خواہش کی دونوں نے مل کر شراب نوشی کی اور اس دوران جعفر نے شراب میں نامعلوم شئے کو ملا دیا ۔ پولیس ذرائع کے مطابق متوفی شخص نے دوران شراب نوشی اس بات کو محسوس کیا اور جعفر سے وضاحت طلب کی تاہم مقتول متوفی کی چوکسی کو دیکھ کر وہاں سے فرار ہوگیا ۔ متوفی اپنے مکان پہونچا اور بیوی کو سارے واقعہ کی تفصیلات سنائی ۔ بیوی نے فوری عبدالقدیر کو ہاسپٹل منتقل کیا ۔ مقامی ہاسپٹل سے بہتر علاج کے لیے اس شخص کو گاندھی ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں علاج کے دوران یہ شخص فوت ہوگیا ۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔۔