خوشامد کی سیاست پر یوگی آدتیہ ناتھ کی تنقید

نئی دہلی /30 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) خوشامد کی سیاست پر تنقید کرتے ہوئے بی جے پی رکن پارلیمنٹ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ سب کی ایک ساتھ ترقی کے نظریہ کا مطلب یہ ہے کہ اکثریت ہندو طبقہ اور اقلیتوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی مساوی ترقی ہو۔ مسلم اور ہندو بیٹیوں کو ایک ساتھ تعلیمی وظیفہ ملنا چاہئے، جہاں مدرسوں کو امداد دی جاتی ہے، وہیں سنسکرت کے اسکولوں کو بھی امداد ملنی چاہئے۔ وہ اقلیتوں کی غالب آبادی والے علاقے ہرکیش نگر اوکھلا میں بی جے پی امیدوار وکرم بِدھوری کے انتخابی جلسہ سے خطاب کر رہے تھے۔

اکھنڈ بھارت کے نعرہ کا احیاء
نئی دہلی /30 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سابق مرکزی وزیر کرشنا تیرتھ جنھوں نے حال ہی میں بی جے پی میں شمولیت اختیار کی ہے، کہا کہ بھگوا پارٹی کو اکھنڈ بھارت کے حصول کی کوشش کرنی چاہئے اور اس نعرہ کا احیاء ہونا چاہئے۔ انھوں نے ہندوستان کو مہاتماؤں، دیوتاؤں اور دیویوں کی سرزمین قرار دیا، جن کی خواہش اکھنڈ بھارت کی تشکیل تھی۔