خورشید جاہ پلے گراؤنڈ پر گلوب ایف سی کا فٹبال سمر کیمپ

حیدرآباد۔ 19 مئی (ای۔میل) حیدرآباد کے مشہور میدان خورشید جاہ پلے گراؤنڈ پر شہر کے معروف فٹبال کلب گلوب ایف سی کی جانب سے ’’سمر فٹبال کیمپ‘‘ کا انعقاد عمل میں آرہا ہے اور یہ کیمپ جی ایچ ایم سی کی جانب سے سالانہ اساس پر منعقد کیا جاتا ہے۔ رواں سمر کیمپ 80 سے زائد نوجوان کھلاڑی بنیادی سطح کی کوچنگ سے مستفید ہورہے ہیں اور یہ کوچنگ خصوصی طور پر آل انڈیا فٹبال فیڈریشن (اے آئی ایف ایف )کی جانب سے کوچنگ کورسیس کی تکمیل کرنے والے ماہر کوچیس کی جانب سے دی جارہی ہے۔ کل صبح 6:30 بجے تا 8:30 بجے یہ کیمپ منعقد کیا جارہا ہے۔ جس میں سابق قومی فٹبال کھلاڑی ایم اے وہاب انصاری جوکہ حیدرآباد گلوب کلب کے سیکریٹری بھی ہیں ، کوچنگ کی ذمہ داری نبھارہے ہیں ، ان کے ہمراہ اے آئی ایف ایف کے ڈی لائسنس یافتہ کوچ محمد عبدالقیوم جوکہ قومی کھلاڑی بھی ہیں ، ان کے ساتھ ایک اور قومی کھلاڑی سید سعدی بھی نوجوان کھلاڑیوں کو فٹبال ٹریننگ فراہم کررہے ہیں۔ اس سمر کیمپ میں ضروری اور عصری ساز و سامان فراہم کیا جارہا ہے ۔ علاوہ ازیں عنقریب انڈر 12 اور 14 کیلئے ایک ٹورنمنٹ منعقد کیا جائے گا۔ حیدرآباد گلوب فٹبال کلب کے نائب صدر خالد الدین کے بموجب جہاں اس سمر کیمپ میں عصری اور سند یافتہ کوچیس کی نگرانی میں حیدرآباد کے اُبھرتے فٹبال کھلاڑیوں کو ٹریننگ دی جارہی ہے، وہیں ان کے درمیان مسابقتی کھیل کو فروغ دینے کیلئے ٹورنمنٹ کا انعقاد بھی کیا جارہا ہے۔