نیو ماڈل اسکول کے طلباء و طالبات کا شاندار مظاہرہ ، انعامات کی تقسیم
حیدرآباد۔ 5 جنوری (راست) خورشید جاہ دیوڑھی پلے گراؤنڈ میں آج دن بھر اسپورٹس ڈے منایا گیا۔ اسکولی طلبہ کیلئے گیمس ؍ اسپورٹس کے مقابلے ہوئے۔ انڈور گیمس، اتھلیٹک اور دوڑ ؍ جمپنگ کے مقابلہ جات انفرادی طور پر رکھے گئے تھے۔ طلبہ میں تعلیم کے ساتھ گیمس ؍ اسپورٹس میں دلچسپی بڑھ رہی ہیں۔ طالب علم کو ان کی دلچسپی کے ساتھ کھیل کود میں حصہ لینے کے مواقع فراہم کرنے سے نہ صرف حوصلہ افزائی ہوتی ہے بلکہ ان کی صلاحیتوں کو فروغ دلانے میں معاونت ہوتی ہے۔ اس موقع پر مقامی رکن اسمبلی نے طلباء اور طالبات میں انعامات تقسیم کئے۔ جناب خلیل الرحمن سکریٹری ؍ کرسپانڈنٹ نیو ماڈل ہائی اسکول نے اسپورٹس ڈے کے انعقاد کے اغراض و مقاصد بتاتے ہوئے کہا کہ تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ گیمس ؍ اسپورٹس تعلیم کا جز بن چکا ہے۔ اسکول کے نظام الاوقات میں کھیل کود کا ایک پیریڈ شامل ہوتا ہے۔ بعض ماہرین ، اسپورٹس کو نصاب کا جز بنانے کی سفارش کئے ہیں۔ اسپورٹس پرسن کا سماج میں اعلیٰ مقام ہوتا ہے اور اس کے ذریعہ نہ صرف صحت مندی ہوتی ہے بلکہ شہرت کے ساتھ دولت کے حصول کا ذریعہ بھی بنتا ہے۔ دن بھر جاری اس اسپورٹس میٹ میں طلباء و طالبات نے شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے انعامات حاصل کئے۔
محمد خواجہ مدثر احمد ابھرتے بولر
بلال کرکٹ کلب میں تہنیتی تقریب
حیدرآباد۔5 جنوری (راست) 12 سالہ کم عمر کھلاڑی ماسٹر محمد خواجہ مدثر احمد کو کرسمس کرکٹ ٹرافی ٹورنمنٹ کے حالیہ مقابلوں میں چمپین شپ حاصل کرنے والے بلال کرکٹ کلب کی جانب سے بہترین عمدہ بولنگ کیلئے ابھرتے ہوئے بولر کا ایوارڈ عطا کیا گیا۔ یہ ایوارڈ جناب سید رشید الدین سب رجسٹرار دودھ باؤلی و سابق کرکٹر کے ہاتھوں دیا گیا۔ اس ٹرافی کو حاصل کرنے کی مسرت میں بلال کرکٹ کلب ٹیم کے فاتح کپتان عدنان اور چیف کوچ محمد بلال کے اعزاز میں ایک شاندار تہنیتی تقریب کا انعقاد جناب مقبول احمد کی رہائش گاہ نذیر منزل واقع برنداون نگر آئی ٹی آئی کالونی تاڑبن میں عمل میں آیا۔ ماسٹر مدثر نے اس ٹرافی میں انڈر 16 گروپ کیساتھ کھیلتے ہوئے بہترین بولنگ کے ذریعہ جملہ پانچ مقابلوں میں 12 وکٹس حاصل کئے ہیں۔ ماسٹر مدثر ممتاز کرکٹر جناب ارشد ایوب کی جانب سے قائم کردہ ارشد ایوب کرکٹ اکیڈیمی میں کوچنگ حاصل کررہے ہیں۔ اس تہنیتی تقریب میں فاتح ٹیم کے کپتان عدنان ، کوچ محمد بلال اور ماسٹر مدثر کی ان کے والدین ، رشتہ داروں ، دوست احباب ، اہلیان محلہ ، مقامی شائقین کرکٹ کی جانب سے بکثرت گلپوشی کی گئی۔