حیدرآباد ۔ /28 فبروری (سیاست نیوز) رچہ کونڈہ کی اسپیشل آپریشن ٹیم نے خود کو پولیس اہلکار ظاہر کرتے ہوئے عوام کو لوٹنے والی تین رکنی دھوکہ بازوں کی ٹولی کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضے سے ایرپستول اور محکمہ پولیس کے فرضی شناختی کارڈ وغیرہ برآمد کرلئے ۔ بتایا جاتا ہے کہ 33 سالہ کاسی ریڈی وینکٹیشور ریڈی ، 35 سالہ ٹی اشوک اور 42 سالہ دیوی ریڈی اکی ریڈی خود کو سب انسپکٹر اور پولیس کانسٹبل ظاہر کرتے ہوئے اپنی فارچینر کار کو پولیس سائرن بھی نصب کیا تھا ۔ پولیس کے بموجب وینکٹیشور ریڈی جس کا تعلق ضلع رنگاریڈی سے ہے ٹریفک پولیس اسٹیشن عابڈس میں بحیثیت ہوم گارڈ ملازمت کررہا تھا اور رئیل اسٹیٹ کاروبار میں بھی ملوث ہے ۔ پولیس نے بتایا کہ وینکٹیشور ریڈی اپنے ساتھیوں کی مدد سے رائیل فینانس چٹ فنڈ کا کاروبار بھی چلارہا تھا اور اپنے ساتھیوں ٹی اشوک اور اکی ریڈی کی مدد سے خودکو پولیس سب انسپکٹر اور کانسٹبل ظاہر کرتے ہوئے ٹول گیٹس پر جاری شناختی کارڈ بتاکر ٹیکس سے بچا کرتا تھا ۔ اسی طرح اس نے ایرپستول بھی حاصل کیا ۔ اس بات کی اطلاع ملنے پر اسپیشل آپریشن ٹیم نے مذکورہ افراد کو گرفتار کرتے ہوئے اس کے قبضے سے 36 ہزار نقد رقم ایرپستول فارچینر کار اور پولیس کے جعلی شناختی کارڈ بھی ضبط کرلئے ۔