خود کو آگ لگا کر ایک شخص پولیس اسٹیشن میں داخل

قرضداروں سے تنگ آکر اقدام ۔گولکنڈہ پولیس اسٹیشن میں سنسنی

حیدرآباد ۔ /2 مارچ (سیاست نیوز)گولکنڈہ پولیس اسٹیشن میں آج اس وقت سنسنی و افراتفری پھیل گئی جب ایک شخص نے خود کو آگ لگاکر پولیس اسٹیشن میں داخل ہوئے ۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ 25 سالہ محمد فیروز ساکن گولکنڈہ کی شادی 3 سال قبل ہوئی تھی اور وہ شادی کے بعد راجندر نگر کے علاقہ چنتل میٹ میں مقیم تھا ۔ شادی کے وقت اس نے اپنے قریبی رشتہ دار سے 25 ہزار روپئے بطور قرض حاصل کئے تھے اور قرض کی عدم ادائیگی پر رشتہ دار اسے مبینہ طور پر تنگ کررہے تھے اور آج اسے زدوکوب بھی کیا تھا۔ محمد فیروز زخمی حالت میں گولکنڈہ پولیس اسٹیشن پہونچا اورشکایت درج کروانے کی کوشش کی لیکن پولیس عملہ نے مبینہ طور پر درخواست قبول کرنے سے انکار کردیا اور عہدیداروں سے ملاقات کی اجازت نہیں دی ۔

پولیس کے رویہ سے دلبرداشتہ فیروز نے خود پر پٹرول چھڑک کر آگ لگالی اور دوڑ کر پولیس اسٹیشن کے اندر داخل ہوگیا ۔ فیروز کو دیکھ کر پولیس اسٹیشن عملہ میں سنسنی پھیل گئی ۔ ایک اسسٹنٹ سب انسپکٹر محمد حفیظ الدین نے اسے بچالیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ خودسوزی کی ناکام کوشش کے دوران محمد فیروز 40 فیصد جھلس گیا جبکہ مقامی عوام نے یہ الزام عائد کیا کہ حال ہی میں تقرر ہوئے انسپکٹر گولکنڈہ مسٹر محمد منور نے عوامی مسائل کی یکسوئی کیلئے اکثر پولیس اسٹیشن میں موجود نہیں ہوتے ہیں اور نہ فون پر دستیاب ہوتے ہیں ۔ گولکنڈہ پولیس نے اس سلسلے میں ایک مقدمہ درج کرلیا ہے اور اس واقعہ کی تحقیقات کی جارہی ہے ۔