خود ساختہ پولیس کی چھ رکنی ٹولی گرفتار ایک فرار


دو صحافی بھی ملوث ، شمس آباد ڈی سی پی کی پریس کانفرنس
شمس آباد ۔ 6 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : شمس آباد پولیس نے چھ رکنی خود ساختہ پولیس کو گرفتار کرلیا ۔ شمس آباد ڈی سی پی اے آر سرینواس نے پریس کانفرنس سے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ 28 ستمبر کی رات تونڈپلی ٹول گیٹ پر سات افراد نے ایک بولیرو گاڑی نمبر AP10W-8746 کو روکا اور خود کو پولیس ظاہر کر کے گاڑی کی تلاشی لے کر ڈرائیور کو دھمکایا اور اسے نیشنل ہائی وے سے رالہ گوڑہ میں آوٹر رنگ روڈ سب روڈ لیجا کر اس سے 85 ہزار روپئے وصول کئے جس پر ڈرائیور رنجنیلو نے شمس آباد پولیس میں شکایت درج کرائی ۔ شمس آباد پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا اور خود کو پولیس ظاہر کر کے رقم وصول کرنے والوں کو گرفتار کرلیا ۔ اور ان کے قبضہ سے 63 ہزار روپئے ضبط کرلیے گئے ۔ شمس آباد ڈی سی پی نے بتایا کہ وینکٹ ریڈی 32 سالہ پیشہ سے آٹو ڈرائیور ساکن شمس آباد و متوطن محبوب نگر ، مادی ریڈی گوردھن ریڈی 24 سالہ ساکن رالہ گوڑہ شمس آباد ، مادی ریڈی وجئے بھاسکر ریڈی 32 سالہ پیشہ سے صحافی منا تلنگانہ ( شمس آباد ) ساکن مدھورا نگر شمس آباد ، مادی راجندر ریڈی صحافی منا تلنگانہ ساکن معین آباد ، ایس شیوا کمار 23 سالہ ساکن رالہ گوڑہ شمس آباد ، جی سرینواس 29 سالہ ساکن رالہ گوڑہ شمس آباد اور اے شیو کمار ریڈی الیاس سریکانت ریڈی 21 سالہ ساکن محبوب نگر یہ سات رکنی ٹولی خود کو پولیس ظاہر کرتے ہوئے غیر قانونی چاول منتقل کرنے والے افراد کو اپنا نشانہ بنا کر انہیں ڈرا کر رقم حاصل کرتی تھی ۔ ان تمام نے مل کر پرگی روڈپر ایک اور اپا جنکشن پر ایک اور حال ہی میں تونڈپلی میں غیر قانونی طور پر چاول منتقل کرنے والوں کو نشانہ بناکر بھاری رقم وصول کی ۔ چھ افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور ایک راجندر ریڈی صحافی جو مفرور ہے اس کی گرفتاری کے لیے ایک ٹیم تشکیل دی گئی ہے ۔ مفرور راجندر ریڈی جو گذشتہ کچھ عرصہ سے  کئی غیر قانونی کام انجام دے رہا تھا جس کی مکمل تحقیقات کی جارہی ہیں اور پی ڈی ایکٹ کے لیے غور کیا جارہا ہے ۔ صحافی کا سماج میں اہم رول رہتا ہے ۔ ان کی خبروں کے ذریعہ ہی عوام ہر جگہ کی خبریں معلوم کرتے ہیں ایک ذمہ دارانہ پیشہ کو رکھتے ہوئے پولیس کی امیج کو خراب کرنے کی کوشش کی گئی ہے ۔ دونوں صحافی ایک ہی اخبار سے وابستہ ہیں ۔ ایف آئی آر کی کاپی ان کے آفس روانہ کردی جائے گی ۔ ڈی سی پی نے کہا کہ اس کیس کو حل کرنے میں شمس آباد انسپکٹر اوما مہیشور راؤ اور سب انسپکٹر محمد خلیل پاشاہ نے اہم رول ادا کیا ہے ۔ انہیں ایوارڈ کے لیے بھی سفارش کی جائے گی ۔ پریس کانفرنس میں شمس آباد اے سی پی سدرشن ، شمس آباد انسپکٹر اوما مہیشور راؤ اور سب انسپکٹر محمد خلیل پاشاہ موجود تھے ۔۔