سیل فون ، موٹر سائیکل اور نقد رقم ضبط ، ٹاسک فورس پولیس کی کارروائی
حیدرآباد /13 ڈسمبر ( سیاست نیوز ) پولیس اور ویجیلنس عہدیداروں کی شکل میں عوام کو لوٹنے والی خود ساختہ پولیس عہدیداروں کی دو رکنی ٹولی کو پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ نارتھ زون ٹاسک فورس پولیس کی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے دو افراد 31 سالہ محمد عباس ساکن کاشی پور سنگاریڈی اور 27 سالہ شیخ سراج ساکن سنگاریڈی کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے 6 سیل فون 2 موٹر سایئکل اور 4600 نقد رقم کو ضبط کرلیا ۔ ان دونوں نقلی پولیس عہدیداروں کی گرفتاری کے ذریعہ پولیس نے 4 مقدمات کو حل کرلیا جو بیگم پیٹ ، رامگوپال پیٹ ، نامپلی اور رامچندرا پورم میں درج تھے ۔ پولیس کے مطابق ایک کارروائی کے دوران ان دونوں کو گرفتار کرلیا گیا ۔ پولیس کے مطابق عباس پیشہ سے سینٹرنگ کا کام کرتا تھا جس کو خاطر خواہ آمدنی نہیں ہو رہی تھی تب اس نے اپنے ساتھی سراج کو شامل کرلیا جو سیل فون مرمت کا کام کرتا تھا ۔ ان دونوں نے سازش تیار کرتے ہوئے راہگیروں کو نشانہ بنانا شروع کردیا ۔ کبھی پولیس تو کبھی خود کو ویجلنس کے عہدیدار ظاہر کرتے تھے ۔ سنسان راستوں پر شہریوں کو راستہ روک کر انہیں ہراسانی کا نشانہ بنایا جاتا تھا اور توجہ ہٹاکر ان کے سیل فون اور ان کی رقم کو چھین لیا کرتے تھے ایک کارروائی کے دوران کمشنر ٹاسک فورس کی نارتھ زون ٹیم نے انہیں گرفتار کرلیا ۔